Latest News

میوات فساد: مرمت کے بعد پیروالی مسجد کا افتتاح، امام مسجد نے صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کا شکریہ ادا کیا۔

نئی دہلی: میوات فساد کے دوران ایک درجن سے زائد مسجدوں پر حملہ ہوا تھا ۔ ان مساجد میں ’پیروالی مسجد پلول‘بھی شامل ہے ۔اس مسجد میں تبلیغی جماعت کے ساتھ بھی مارپیٹ ہوئی تھی ، نیز مسجد میں توڑ پھوڑ کے علاوہ مقدس کتابوں کی توہین بھی کی گئی تھی ۔ آج مکمل مرمت کے بعد ظہر کی نماز کے موقع پر جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی کے ہاتھوں اس مسجد کا افتتاح عمل میں آیا ۔ افتتا ح کے وقت مسجد کے امام مولانا محمد جاوید سمیت نمازیوں کی ایک قابل ذِکر تعداد موجود رہی۔

اپنے پیغام میں مولانا محمد حکیم الدین قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علما ء ہند نے لوگوں کو صبر و استقامت کی تلقین کی ، مسجد کے امام وخطیب مولانا محمد جاوید نے پریشانی کے وقت جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے ملنے والی مدد اور تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میوات کے لوگ صدر جمعیۃ علماء ہند مولانامحمود اسعد مدنی اور ان کی پوری ٹیم کے شکر گزار ہیں کہ انھوں نے پلول کے علاقے میں جہاں ہر طرف شرپسندی کا سایہ تھا ، جہاں قدم قدم پر مسجدوں کو نشانہ بنایا گیا ، وہاں سب سے پہلے یہ لوگ پہنچے ۔ مولانا حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند نے جو کچھ بھی کوشش کی ہے ، اس کے لیے کسی شکریہ کی ضرورت نہیں ہے ، جمعیۃ علماء محض اللہ کی رضا و خوشنودی کے لیے اسے فریضہ سمجھ کر انجام دیتی ہے۔ ظاہر سی بات ہے کہ مسجد کی خدمت سے زیادہ کوئی مقبول عمل نہیں ۔ انھوں نے بتایا کہ جمعیۃ نے یہاں دس سے زائد مساجد کی مرمت کا کام کیا ہے ، جن میں کچھ کے کام ابھی باقی ہیں۔جمعیۃ علماء ہند کے سینئر آرگنائزر مولانا غیو راحمد قاسمی نے بتایا کہ اب تک ایڈوکیٹ طاہر حسین روپڑیا کی نگرانی میں ۴۶۶ ؍ ضمانتیں ہو چکی ہیں ، جب کہ جمعیۃ کے پاس چھ سو مقدمات ہیں ۔اس کے علاوہ جمعیۃ متاثرین کے لیے مکانوں کی بھی تعمیر کررہی ہے ۔آج افتتاح کے موقع پر ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند کے ہمراہ مولانا غیوراحمد قاسمی،مولانا مفتی ذاکر حسین قاسمی، حاجی محمد یونس، بھائی محمد یاسر وکیل، ،حافظ محمد ابوبکر ، حافظ محمود متعلم مدرسہ یاسینیہ سراج العلوم کھوڈا تھے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر