Latest News

خطبے میں شہید اسماعیل ہنیہ کی تعریف کرنے پر اسرائیل نے مسجد اقصیٰ کے بزرگ امام کو گرفتار کرلیا۔

خطبے میں مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ شہید کی تعریف کرنے پر اسرائیل نے قبلہ اول مسجد اقصیٰ کے امام کو گرفتار کرلیا۔
عرب میڈیا کے مطابق آج مسجد اقصیٰ میں دیے جانے والے خطبے میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ شہید کی تعریف کرنے پر مسجد اقصیٰ کے 85 سالہ امام شیخ عکرمہ صبری کو اسرائیلی فورسز نے گرفتار کرلیا۔
اسرائیلی کے قومی سلامتی کے وزیر اور انتہا پسند سیاستدان اتمر بن گویر نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں شیخ عکرمہ کی گرفتاری کا اعلان کیا۔ اتمر بن گویر نے شیخ عکرمہ کی دھندلی تصویر شئیر کی جس کے پس منظر میں اسرائیل کا جھنڈا موجود ہے۔ اتمر بن گویر نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ شیخ عکرمہ سے اسی جھنڈے کے زیر سایہ تفتیش کی جارہی ہے جسے وہ ’بہت پسند‘ کرتے ہیں۔ اتمر بن گویر نے لکھا اشتعال انگیزی کرنے والوں کے بارے میں میری پالیسی زیرو ٹالرینس کی ہے۔ اتمر بن گویر نے شیخ عکرمہ کی گرفتاری کے حوالے سے لکھا کہ وہ خوش ہیں اور اس کارروائی کی حمایت کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ بدھ کے روز ایرانی دارالحکومت تہران میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے تھے، وہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ایران میں موجود تھے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر