Latest News

راجستھان کے الور میں تیس دن کے اندر ایک اور ماب لنچنگ، ہر طرف غم و غصہ، جمعیۃ علماء ہند کے وفد کی مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت، ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔

نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی حضرت مولانا حکیم الدین صاحب قاسمی کی سربراہی میں ایک وفد آج گاؤں مہرانا تحصیل تجارہ ضلع الور پہنچ کر فرقہ پرست ماب لنچنگ کے شکارہوئے مرحوم وکیل احمد کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور مرحوم کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کی طرف سے تعزیتی پیغام پیش کیا اوراور ان کی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کی۔ گھر میں مرحوم کی اہلیہ پیروں سے معذور ہے اور مرحوم کی تین چھوٹی چھوٹی بیٹیاں عمائسہ, اقصی اور ایسمینہ ہیں، جن بچیوں کے مستقبل کو ایک بار پھر فرقہ پرست خونی درندوں نے تاریک کردیا ہے ۔
شہید ضلع الور کی تحصیل تجارہ میں خراد ویلڈنگ کا کام کرتا تھا، 8 ستمبر 2023 کی رات کو اپنی دکان سے گھر لوٹتے ہوئے راستے میں تقریباً آٹھ بجے کچھ شرپسندوں نے اس کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار کر نیچے گرا دیا اور پھر لاٹھی ڈنڈوں اور لوہے کی راڈ سے مارا اور مردہ سمجھ کر فرار ہوگئے، اس کے بعد کسی راہگیر نے ان کو ہسپتال منتقل کیا جس کی کل جےپور میں علاج کے دوران موت ہوگئی- مولانا حکیم الدین قاسمی نے میڈیا کو بتایا کہ ہم راجستھان سرکار سے انصاف اور معقول معاوضہ کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ اس طرح کے واقعات لگاتار ہو رہے ہیں مگر سرکار اور انتظامیہ ان شرپسندوں اور نفرتی بیان جاری کرنے والوں سے غافل ہیں ، جو مسلمانوں کو کھلے عام مارنے اور بھگانے کی دھمکیاں دیتے ہیں۔یہاں پر جو بھی کچھ ہورہا ہے ، اس کے پیچھے نفرتی بیان بھی ایک اہم سبب ہے۔ انھوں نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے ہمیں بتایا کہ پرشوتم سینی نامی ایک شخص نے نفرت انگیز تقاریر کیں اور بدلہ لینے کے لیے مہاپنچایت کا اہتمام کیا۔ لیکن اس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ اگر ایسے شرپسندوں کی گردنیں ناپ دی جاتیں تو ایسے واقعات شاید نہ ہوتے۔ ہم سرکار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ امن و انصاف کی بحالی کے لیے ملک کے آئین کے تئیں اپنے عہد کو یاد کریں اور شرپسندوں کے ذریعہ لگاتار ماب لنچنگ کے واقعات پر قدغن لگایا جائے۔ مولانا حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ نوح میں ہوئی جھڑپ کے بعد لگاتار اس خطے میں مسلمانوں پر حملے ہورہے ہیں ۔حال میں کئی ایسے واقعات ہو چکے ہیں، خود تجارہ میں تیس دنوں کے اندر دوسرا واقعہ ہے ۔اس لیے اس خطہ کی خصوصی نگرانی کی ضرورت ہے ۔انھوں نے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی ۔
جمعیۃ علماء ہند کے وفد میں ناظم عمومی کے علاوہ مولانا غیور احمد قاسمی سینئر آرگنائزر جمعیۃ علماء ہند، مفتی سلیم احمد قاسمی ساکرس جنرل سیکرٹری جمعیۃ علماء میوات ،مولانا داؤد حسن پور جنرل سیکرٹری جمعیۃ علماء ضلع الور،مولانا محمد حنیف صاحب منناکا سابق ناظم اعلیٰ جمعیۃ علماء راجستھان ،حافظ سلیم احمد امن فیلو شپ وغیرہ کے نام شامل ہیں۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر