Latest News

ایم پی کے بعد یوپی میں غیر انسانی سلوک، طالب علم کو مارا پیٹا، منہ میں پیشاب کردیا،مرکزی ملزم سمیت ۳گرفتار۔

میرٹھ: سمیر چودھری/عزیز الرحمن خاں۔
مدھیہ پردیش کے بعد اب میرٹھ میں بھی انتہائی شرمناک واقعہ پیش آیا ہے۔ یہاں مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے والے طالب علم کے ساتھ غیر انسانی فعل پیش آیا ہے۔ افسوسناک بات ہے کہ اس فعل کو انجام دینے والے تمام ملزمان بھی طالب علم ہیں۔ یہ واقعہ میرٹھ کے میڈیکل پولیس اسٹیشن علاقے میں پیش آیا۔ یہاں ایک طالب علم کا شدید مار پیٹ کے بعد منہ میں پیشاب کرنے کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔ 
ایک ہفتے بعد ویڈیو وائرل ہونے کے بعد طالب علم شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہے اور اس کے اہل خانہ نے دھمکی دی ہے کہ اگر کارروائی نہ کی گئی تو وہ خودکشی کر لیں گے۔بتایا جا رہا ہے کہ ان تمام دوستوں نے پہلے شراب پی اور پھر طالب علم کو اس کے بال پکڑ کر شدید زدوکوب کیا۔ جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے پستول منہ میں ڈال دیا۔ گلے میں بیلٹ ڈال کر ایک سنسان جگہ لے گئے۔ چہرے پر پیشاب کیا۔ میرٹھ پولیس نے مرکزی ملزم آشیش ملک سمیت تین کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کو مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے ضمانت مل گئی۔ اہل خانہ اس کارروائی سے مطمئن نہیں ہیں۔طالب علم کے والد کے مطابق ۱۳نومبر کی رات ان کا بیٹا جاگرتی وہار، میڈیکل میں اپنی خالہ کے گھر گیا تھا۔ وہاں اس کی ملاقات اپنے دوست راجن سے ہوئی۔ وہ اسے ساتھ لے گیا۔ اس کے بعد اجنتا کالونی کے رہنے والے آشیش ملک، سوم دت وہار کے رہنے والے موہت ٹھاکر، جیل چنگی کے رہنے والے اوی شرما اور تین نامعلوم افراد نے ان کے بیٹے کو پیٹنا شروع کر دیا۔ وہ سب شراب کے نشے میں دھت تھے۔الزام ہے کہ وہ اسے جاگرتی وہار کے ایک ویران علاقے میں لے گئے، اس کے چہرے پر پیشاب کیا اور پورے واقعے کی ویڈیو بھی بنائی۔ انہوں نے اسے نیم مردہ حالت میں چھوڑ دیا۔ پریشان بیٹا 14 نومبر کی صبح نو بجے گھر پہنچا تو اس نے حملہ کی اطلاع دی۔ جس کے بعد اس نے میڈیکل تھانے میں شکایت درج کرائی، جس پر پولیس نے 16 نومبر کو ملزمان کے خلاف ہنگامہ آرائی، گالی گلوچ، جان سے مارنے کی دھمکی دینے اور حملہ کرنے کی دفعات کے تحت رپورٹ درج کی۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ضمانت پر باہر آنے کے بعد ملزمان نے ویڈیو وائرل کر دی۔ایس پی سٹی پیوش کمار سنگھ نے بتایا کہ مرکزی ملزم آشیش ملک کو اتوار کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس دیگر مفرور ملزمان اوی شرما، راجن، موہت ٹھاکر اور دیگر نوجوانوں کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔ طالب علم کے والد کا کہنا ہے کہ پولیس کو اس معاملے میں اغوا کی دفعہ بھی لگانی چاہیے، ملزمان جیل نہ گئے تو خودکشی پر مجبور ہو جائیں گے۔ثبوت کے طور پر ویڈیوز اور تصاویر بھی دی گئیں۔ انہیں اتوار کی سہ پہر عدالت میں پیش کیا گیا۔ میرٹھ کے ایس ایس پی روہت سجوان کا کہنا ہے کہ ہفتہ کو جب گھر والوں نے پیشاب کرنے کے معاملے کے بارے میں بتایا تو کیس میں دفعہ بڑھا دی گئی۔ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر