تعلیمی بیداری مہم کے تحت جمعیة علماءہند کا ایک اہم اجلاس آج یہاں مدرسہ محمودیہ سروٹ میں منعقد ہوا۔ جس کی صدارت ضلع صدر مفتی بنیامین نے کی اور نظامت کے فرائض ضلع جنرل سکریٹری قاری ذاکر حسین قاسمی نے انجام دیئے۔ مہمانان خصوصی کے طورپر جمعیة علماءہند کے قومی جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی اور جمعیة علماءتعلیمی بورڈ کے قومی جنرل سکریٹری و استاذ حدیث دارالعلوم دیوبند مفتی محمد سلمان منصورپوری نے شرکت کی۔میٹنگ میں تعلیم کی اہمیت و افادیت پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر مقررین نے تعلیم کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے بغیر کسی بھی معاشرے کی مکمل ترقی ممکن نہیں۔ ایک ان پڑھ شخص معاشرے میں زندگی بھر احساس کمتری کے ساتھ رہتا ہے۔ انہوں نے مسلم سماج سے مطالبہ کیا کہ والدین اپنے ہر بچے کو تعلیم دلانے کا عہد کریں۔ اس کے لیے اپنی مالی حالت کے مطابق غیر ضروری چیزوں کے اخراجات پر قابو رکھیں اور وہ رقم اپنے بچوں کی تعلیم پر خرچ کریں۔ جو لوگ معاشی طور پر مضبوط ہیں انہیں چاہیے کہ وہ اپنے معاشرے کے معاشی طور پر کمزور لوگوں کے بچوں کی تعلیم کی ذمہ داری لیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم اپنی اخلاقی اقدار اور اپنی شناخت کو برقرار رکھنے کے لیے مذہبی تعلیم کو ضروری سمجھتے ہیں تاکہ ہمارے اندر حب الوطنی، انسانی اور سماجی خدمت کا جذبہ باقی رہے۔مولانا حکیم الدین قاسمی نے کہاکہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اسکول کے تمام طلباءکو اپنی اخلاقی اقدار سے جڑے رہنے کے لیے روزانہ کم از کم ایک گھنٹہ علیحدہ مذہبی تعلیم دی جائےؒ۔
اس کے لیے جمعیت علمائے دینی تعلیمی بورڈ کے انتظامات کا حصہ بنیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے بچے بھی اس کا حصہ بنیں۔ اس موقع پر مولانا حامد باغوںوالی، سابق ایم ایل اے مولانا جمیل احمد، مفتی عبدالقیوم سروٹ، مولانامعاذ حسن، مفتی اقبال، مولانا ارشد میراںپور، حافظ فرقان، مولانا موسیٰ قاسمی، قاری محمد صادق، مولانا اسرار، مولانا عبدالمجید، حافظ اکرام، حاجی عبدالقیوم، وسیم عالم، مفتی عادل، مولانا جمال الدین، مولانا ارشد، مفتی فاضل، مولانا کلیم سمیت کثیر تعداد میں جمعیة کارکنان نے شرکت کی۔آخر میں قاری ذاکر حسین نے تمام مہمانوں کا شکریہ اداکیا۔
0 Comments