Latest News

درس قرآن کے ذریعہ عوام الناس کے عقائد و اعمال کی اصلاح کی کوشش کرنا اہل مدارس کی اولین ذمہ داری، رابطہ مدارس اسلامیہ کے عمومی اجلاس میں اہم تجاویز منظور۔

درس قرآن کے ذریعہ عوام الناس کے عقائد و اعمال کی اصلاح کی کوشش کرنا اہل مدارس کی اولین ذمہ داری: مولانا شوکت علی قاسمی۔
مفتی اقبال احمد قاسمی کی صدارت میں منعقد رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ مشرقی یوپی زون نمبر1 کے عمومی اجلاس میں اہم تجاویز منظور۔ 

 کانپور: رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند کی شاخ مشرقی یوپی زون (1)سے مربوط مدارس کا عمومی اجلاس شہر کانپور کی سب سے قدیم دینی درسگاہ مدرسہ جامع العلوم جامع مسجد پٹکا پور میں زون کے نو منتخب صدر مولانا مفتی اقبال احمد قاسمی کی صدارت میں منعقدہوا۔اجلاس کا آغازمدرسہ جامع العلوم پٹکاپور کے شعبہ قرأ ت کے استاذ قاری انعام الحق قاسمی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا، بعدہ مدرسہ جامع العلوم کے استاذمفتی امیر اللہ قاسمی نے مدرسہ جامع العلوم کی مختصر تاریخ وتعارف پیش کیا۔ زون کے نومنتخب جنرل سکریٹری مفتی عبدالرشیدقاسمی نے سابقہ عمومی اجلاس کی کارروائی پڑھ کر سنائی۔

اجلاس کے مہمان خصوصی کل ہندرابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ کے ناظم عمومی حضرت مولانا شوکت علی قاسمی بستوی استاذ دارالعلوم دیوبند نے کلیدی خطاب کرتے ہوئے رابطہ کے تعلق سے فرمایا کہ ہرمدرسہ کا اپنا اصول ودستور مرتب ہوناضروری ہے،جس میں ہرایک ذمہ دار،استاذ،طالب علم اور ملازم کے حقوق وفرائض واختیارات کا ذکر ہو۔ مولانا نے ذمہ داران مدارس سے نئی تعمیرات کیلئے مستند انجینئر کے ذریعہ نقشہ وغیرہ پاس کرنے اور اس کے قانونی تقاضوں کو پورا کرنے،حساب وکتاب میں شفافیت رکھنیاوراخراجات کی تفصیل کو مرتب کرنے کی تاکید کی۔ مولانا نے ذمہ داران رابطہ کو متوجہ کیا کہ وہ تدریب المعلمین کو(اساتذہ کی ٹریننگ کا نظام)فعال بنائیں،عوام کی دینی اصلاح کیلئے ہرمسجدمیں درس قرآن کے ذریعہ ان کے عقائد واعمال کی اصلاح کریں، فتنہئ ارتداد سے نئی نسل کوبچائیں،غلط تاویلوں سے لوگوں کوآگاہ کریں اور مثبت انداز میں بدعات وخرافات نیز رسوم ورواج سے لوگوں کوروکیں۔ مولانا نے طلبہء علوم دینیہ کوبھی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت کی رضاء کیلئے علم دین کی تحصیل کریں، کسی دنیاوی مقصدکواپنے دل میں ہرگزنہ لائیں۔
زون کے صدر محترم مفتی اقبال احمدقاسمی نے اپنے صدارتی خطاب میں کل ہندرابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبندکے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ رابطہ مدارس کے ذریعہ مربوط مدارس کو فکری اتحاد کے ساتھ آگے بڑھنے کا حوصلہ ملتاہے،چھوٹے مدارس بڑے مدارس کے ساتھ بیٹھ کرایک دوسرے سے طریقہ کار کوسمجھتے اورشیئرکرتے ہیں اوراپنے درمیان پائی جانے والی خامیوں وکوتاہیوں کا محاسبہ کرنے کا موقعہ ملتاہے نیزداخلی و بیرونی فتنوں سے واقفیت اوران کے حل کرنے کی کوشش ہوتی ہے۔ ام المدارس دارالعلوم دیوبندتمام مدارس کے لئے ایک سائبان کی طرح ہے جسکے سایہ میں مدارس پھل پھول رہے ہیں۔کورونا کے ناگفتہ بہ حالات کے بعد جب تعلیمی اداروں کو کھولنے کی نئی گائڈ لائن آئی تو اس وقت دارالعلوم دیوبندنے ہی طلبہ کوبلاکرتعلیم کی پہل کی اورپھرتمام مدارس میں بیداری آگئی،الحمدللہ ہمارے اکابرین ہرمحاذپرہماری رہنمائی فرمارہے ہیں۔
معاون صدرحافظ عبدالقدوس ہادی مہتمم مدرسہ اشاعت العلوم قلی بازار نے اپنے خطاب حالات حاضرہ کے تناظرمیں اہم مشوروں سے نوازا۔مدرسہ جامع العلوم پٹکاپورکے شیخ الحدیث مولانا محمدسعید قاسمی نے کہا کہ رابطہ کیلئے ضروری ہے کہ جانبین سے کشش ہواور کشش کیلئے ضروری ہے کہ دونوں میں یکسانیت ہواور یکسانیت کیلئے صرف نصاب میں یکسانیت کافی نہیں بلکہ یکسانیت کے لئے3 چیزیں ضروری ہیں، نصاب تعلیم یکساں ہو،طرزتعلیم یکساں ہواورمشاہرہ(ماہانہ تنخواہ)یکساں ہو۔ مولانا محمدابراہیم استاد مدرسہ فرقانیہ گونڈہ نے رابطہ کی اہمیت اوردارالعلوم کی عظمت اورمدارس کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ مدرسہ جامع العلوم پٹکاپورکے مہتمم اور اجلاس کے میزبان الحاج محی الدین خسروتاج نے مختصرخطاب کیا اورحاضرین کا شکریہ اداکیا۔ واضح ہو کہ رابطہ کا یہ عمومی اجلاس دونشستوں پرمشتمل تھاایک بجے دن یہ پہلی نشست مکمل ہوئی جبکہ دوسری نشست بعدظہرڈھائی بجے شروع ہوئی جو چار بجے تک چلی۔ دوسری نشست میں رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ مشری یوپی زون 1کے سابق صدرمولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی رحمۃ اللہ علیہ کے فرزندنائب صدر جمعیۃ علماء اتر پردیش مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی ناظم جامعہ محمودیہ اشرف العلوم جاجمؤ نے خطاب کیا اور فرق باطلہ کے تعاقب کے سلسلے میں مفید مشوروں سے نوازا۔

 عمومی اجلاس میں جو تجاویز بالاتفاق منظور ہوئیں ان میں بالخصوص نصاب تعلیم کو مکمل طورپر دارالعلوم دیوبند کے نصاب کے مطابق مربوط مدارس میں نافذکرنے اورنصاب تعلیم کی یکسانیت کے ساتھ طرزتعلیم اورتکمیل نصاب وغیرہ پر بھی پوری توجہ دیا جاناقابل ذکر ہیں۔زون کے نائب صدر مولانا مفتی نعمت اللہ قاسمی صدر مدرس مدرسہ فرقانیہ گونڈہ کی دعاء پراجلاس اختتام پذیر ہوا پروگرام میں رابطہ ہذاسے مربوط مدارس کے تقریباً100سے زائد ذمہ داران ونمائندگان نے شرکت کی۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر