Latest News

(11نومبر یوم پیدائش) مولانا ابوالکلام آزادؒ اور انڈیا ونس فریڈم (ہماری آزادی)

(11نومبر یوم پیدائش) مولانا ابوالکلام آزادؒ اور انڈیا ونس فریڈم (ہماری آزادی)
از : عبداللہ عثمانی، دیوبند
برصغیر کی ممتاز شخصیتوں میں ایک روشن نام مولانا ابوالکلام آزاد کا بھی ہے جن کی ہمہ جہت صلاحیتوں نے نہ صرف اہل ہند کو متاثر کیا بلکہ ان میں خود اعتمادی اور باہمی محبت کا جذبہ جگایا۔ امام الہند مولانا ابوالکلام آزادؒ (11؍نومبر 1888ء تا 22؍فروری 1985ء) کے علمی، ادبی، دینی اور مجاہدانہ کارناموں کی فہرست بہت طویل ہے۔ مولانا کی علمی سرگرمیوں کا ذریعہ ہندوستا ن کی جامع نایاب زبان اردو ہے، اردو زبان کی وسعت اور مولانا کی بے نظیر فکر و علمیت نے ایک ایسے ادب کو جنم دیا جس کی نظیر دیگر زبانوں میں ملنا دشوار ہے، مولانا کی تحریریں جس زور بیانی کے ساتھ زندہ و تابندہ ہیں اس کی قدر صرف اہل علم اور صاحبِ زبان ہی سمجھ سکتے ہیں، بہرکیف ۱۱؍نومبر مولانا کے یوم پیدائش کے حوالے سے ہم مولانا کی ایک نادر تحریر ’’انڈیا ونس فریڈم‘‘ (India Wins Freedom) ’’ہماری آزادی‘‘ پر نہایت اجمالی روشنی ڈالیں گے۔

واضح ہو کہ اس سے قبل راقم الحروف مولانا آزادؒ کی سب رنگ پہلو شخصیت پر تقریباً دو درجن تحقیقی و علمی مضامین زیر قلم لاچکا ہے، ان میں تحریک آزادی اور مولانا ابوالکلام آزادؒ، مولانا آزاد کے خطوط میں انشاء، مولانا آزاد کی اردو صحافت، مولانا آزادکی سحر انگیز خطابت، مولانا آزاد کا طرزِ تحریر، مولانا آزاد اور غبارِ خاطر، مولانا آزاد کا ادبی مرتبہ، مولانا آزاد مشاہیر کی نظر میں وغیرہ قابل ذکر ہیں (India Wins Freedom) ہماری آزادی کے بارے میں احقر نے بچپن میں (1988ء) میں سنا تھا کہ مولانا آزاد کی بعض پُراسرار تحریریں ایک عرصہ سے محفوظ تھیں، جنہیں حال ہی میں منظر عام پر لایا گیا مگر اس وقت احقر گہرائی اور حقائق سے ناواقف تھا۔

انڈیاونس فریڈیم (ہماری آزادی) یہ مولانا آزاد کی آخری کاوش ہے جس کے مرتب پروفیسر ہمایوں کبیر ہیں، اس مسودے کی زبان انگریزی ہے، جس کو پروفیسر مرحوم نے 1957ء کے اواخر میں مولانا کو دیکھا یا مولانا آزاد نے اس کو پڑھ کر ہدایت دی تھی کہ اس مکمل متن کی دو نقلیں مہربند تیار کی جائیں جس کی ایک کاپی نیشنل لائبریری کلکتہ، دوسری نقل نیشنل آرکیوز دہلی میںجمع کردی جائے۔ تقریباً بیس برس تک یہ تحریر معمہ اور راز بنی رہی کہ آخر اس مسودہ میں کیا لکھا ہے، اس پر طویل بحثیں اور تبصرے ہوتے رہے۔
22؍فروری 1958ء کو مولانا کی وفات ہوئی، ان کی وفات کے تیس برس بعد یعنی 23؍دسمبر 1988ء کو دہلی ہائی کورٹ کے جسٹس پی ایس کمرپال کی ہدایت پر 29؍ستمبر 1988ء کو مولانا ازاد کے یہ تیس صفحات پر مشتمل یہ مسودہ اورینٹ لانگ مین پریس کے حوالے برائے اشاعت کردیا گیا، جس نے مواد کا جائزہ لے کر اس کو 1988ء میں شائع کیا۔
حال ہی میں مولانا آزاد پر ایک کتاب ڈاکٹر عبدالعزیز عرفان اورنگ آبادی کی ’’مولانا ابوالکلام آزاد :ایک تاریخی مطالعہ‘‘ شائع ہوئی ہے۔ زیر نظر مضمون میں بعض اقتباسات اسی کتاب سے ماخوذ ہیں۔
زیر نظر کتاب کا اصل متن انگریزی زبان میں ہے، جس کا اردو ترجمہ بھی شائع ہوا ہے، یہ تحریر ۱۶؍مختلف عنوانات پر مشتمل ہے:
(1)کانگریس کا اقتدار (2)یورپ میں جنگ (3)میں کانگریس کا صدر بنایا گیا (4)چین کی طرف آمد (5)کرپسی مشن (6)بے چینی کا واقعہ (7)ہندوستان چھوڑو (8)قلعہ احمدنگر جیل (9)شملہ کانفرنس (10)عام انتخابات(11)برٹش کبینیٹ مشن (12)تقسیم کا پیش خیمہ (13)انٹرم حکومت (14)مائونٹ بیٹن مشن (15)ایک خواب کا خاتمہ (16)منقسم ہندوستان۔
مذکورہ بالا تحریر دراصل مولانا کے سیاسی افکار و اختلافات پر مشتمل ہے، جس میں آپ نے موجودہ حالات کا باریکی سے جائزہ لے کر اپنی فکر، اپنی آراء کا اظہار کیا ہے۔ بہرکیف مولانا کی آخری تحریر سے نہ صرف مولانا آزاد کی سیاسی گرفت اور دور اندیشی کا پتہ چلتا ہے بلکہ ان کے معاصر سیاست دانوں کی سوچ و فکر کا اندازہ بھی ہوتا ہے۔چنانچہ کانگریس اقتدار کے تحت عنوان میں رقم طراز ہیں:
’’کانگریس کو 1935ء میں اکثریت ملی،1935ء کے قانون میں صوبائی خود مختاری کا اعلان کیا گیا تھا، اس میں مولانا کے مطابق دو واقعات کو ریاستی کانگریس کمیٹیوں کے رویے سے خراب تاثر قائم تھا، ممبئی میں نریمان مسلم لیڈر تھے اور ڈاکٹر سید محمود بھی بہار کے اہم لیڈر تھے۔ اور آل انڈیا کمیٹی کے جنرل سکریٹری بھی تھے، مولانا نے ان دونوں کی سفارش کی لیکن انہیں مایوسی ہوئی۔‘‘
عنوان16 ’’منقسم ہندوستان‘‘ کے تحت لکھتے ہیں:
’’لارڈ مائونٹ بیٹن 14؍اگست 1947ء کو پاکستان گئے، وہاں نئے ملک کا افتتاح کیا اور 15؍اگست 1947ء کو ہندوستان آزاد ہوا۔ مولانا لکھتے ہیں جہاں تک ہندوئوں اور سکھوں کا تعلق ہے ان کا ایک ایک آدمی تقسیم کے خلاف تھا، وہ مسلمان بھی جو مسلم لیگ کے پیروکار تھے تقسیم کے نتیجے میں دہشت زدہ تھے، سردار پٹیل وزیر داخلہ تھے، دہلی میں فسادات رونما ہوئے۔‘‘
بہرکیف مولانا ابوالکلام جیسا مفکر، مدبر اور عالم دین حق اور ناحق کی بھرپور بصیرت کا حامل تھا، تقسیم ہند کے اصل ذمہ دار کون ہے اور اس وقت سلگتے ہندوستان کا جواب دہ کون تھا ان سوالوں کے جواب مولانا نے دئیے ہیں۔ انڈیا ونس فریڈم ’’ہماری آزادی‘‘ بہت اہمیت کی حامل ہے، جس کے مطالعے سے مولانا کے عہد کی بعض تصویر ابھر آتی ہیں، مولانا کا نقطۂ نظر اور ان کے عہد کے افراد کی سوچ کیا تھی؟ یہ تمام واقعات کیوں پیدا ہوئے؟ کیا سچ تھا اور کیا جھوٹ؟ ان تمام سوالات کے جواب ’’ہماری آزادی‘‘ کے مذکورہ تیس صفحات میں اشارۃً مل جاتے ہیں۔
آخر میں ہم ’’ہماری آزادی‘‘ کے بارے میں نامور قلم کار و مصنف ڈاکٹر عبدالعزیز عرفان کی کتاب ’’مولانا آزاد ایک تاریخی مطالعہ‘‘ کے ایک اقتباس پیش کرتے ہیں:
’’مختصر یہ کہ ’’ہماری آزادی‘‘مولانا آزاد کے دلی جذبات کا اظہار ہے جو ان کے دل میں پوشیدہ تھے، جن باتوں کو وہ ناپسند کرتے تھے انہیں تحریری طور پر ان اوراق میں بیان کیا ہے جومولانا کے بیشتر خیالات اور رائے بحیثیت کانگریسی صدر تھیں لیکن آخر میں انہیں مایوس ہونا پڑا، خصوصاً 1946ء اور1947ء اور1980ء کے چند واقعات اور حالات سے مایوس ہوچکے تھے۔ یہی وجہ تھی کہ انہوں نے عہدۂ صدارت قبول نہیں کیا تھا۔ چنانچہ آپ نے ساتھیوں سے اپنے اختلافات یا ان کے تئیں اپنی ناپسندیدگی کی جانب اشارے کئے ہیں۔‘‘ (مولانا ابوالکلام آزادؒ: ایک تاریخی مطالعہ، ص:127)
Abdullah Usmani
4/16 Gaddiwara, P.o. Deoband
email : abdullahusmani786@gmail.com
Call : 9528847576

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر