Latest News

مولانا ابوالکلام آزاد ؒ ہندو مسلم اتحاد کے علمبردار تھے، یوم تعلیم پر وژن انٹرنیشنل اسکول میں ڈاکٹر اجے سنگھ کا خطاب۔

سہرسہ: ہندوستان کے پہلے وزیرتعلیم، بھارت رتن، امام الہند مولاناابوالکلام آزاد ؒ کی یوم ولادت کے موقع پر ضلع کے مشہور تعلیمی ادارہ وژن انٹرنیشل اسکول چکمکہ میں پورے جوش وخروش کے ساتھ قومی یوم تعلیم منایا گیا۔ تقریب میں اسکول کے بچوں نے مولانا آزاد کی حیات و خدمات اور ان کے روشن کارناموں پرپروگرام بھی پیش کئے جسے حاضرین نے خوب سراہا۔اس موقع پر مہمان خصوصی کوسی کمشنری کے مشہور سیاسی رہنماء ڈاکٹراجے کمار سنگھ رکن بہارقانون ساز کونسل (سہرسہ، سوپول و مدھے پورہ) نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان کی آزادی کی تاریخ مولانا آزاد کے بغیر نامکمل ہے وہ اس ملک کے نامور سیاسی و مذہبی رہنماء تھے جنہوں نے تقسیم ہند کے موقع پر ہندوستان کی خوبصورتی کو بچاکر رکھا اور وہ مسلمانوں کو یہ یقین دلانے میں کامیاب رہے کہ یہ تمہارا ملک ہے اور اسی میں رہو۔ اجے کمارسنگھ نے کہاکہ مولانا آزاد ہندومسلم اتحاد کے علمبردار تھے۔وژن انٹرنیشنل اسکول سہرسہ کے بانی و منیجنگ ڈائریکٹر شاہنواز بدر قاسمی نے اپنی تقریر میں کہاکہ مولانا آزاد مکہ مکرمہ میں پیدا ہوئے اس کے بعد ہندوستان منتقل ہوگئے، مولانا ابوالکلام آزاد ؒایک معتبر عالم دین، مفسر قرآن، ادیب، صحافی، خطیب و دانشوراور ایک کامیاب سیاست داں کے ساتھ دور اندیش شخصیت کے مالک تھے، انہیں ملک کا اولین وزیرتعلیم بنایا گیا، گیارہ سال تک اس اہم عہدے پر فائز رہے اس درمیان انہوں نے تعلیم کے میدان میں بے شمار کارنامہ انجام دئے یہی وجہ ہے کہ ان کی پیدائش کے دن کو ہر سال سرکاری سطح پر قومی یوم تعلیم کے طورپر منایا جاتا ہے۔شاہنواز بدر نے کہاکہ مولانا آزاد ہمارے لئے ایک آئیڈیل شخصیت ہیں، ان کی زندگی سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ نئی نسل کو مولاناآزاد واقف کرایا جائے اور ان کے مشن اور وژن کے بارے میں بتایا جائے۔ اس موقع پر مہمان محترم کے ہاتھوں ششماہی امتحانات اور مولانا آزاد پر منعقد مسابقہ صحافت میں کامیاب ہوئے وژن انٹرنیشنل اسکول کے تمام طلباء وطالبات کو خصوصی انعامات، شیلڈاور سرٹیفیکٹ سے نواز اگیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر