Latest News

گجرات اسمبلی انتخابات: ۱۶۰؍بی جے پی امیدواروں کا اعلان،۹۱؍ نئے چہروں میں رویندر جڈیجہ کی اہلیہ اور ہاردک پٹیل بھی شامل۔

احمد آباد: بی جے پی نے گجرات اسمبلی انتخابات کے لئے آج اپنے 160 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی جس میں 91 چہرے نئے ہیں۔ وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل، گھاٹلوڈیا سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر بھوپیندر یادو، مرکزی وزیر منسکھ مانڈویہ، پارٹی جنرل سکریٹری ترون چگھ اور ریاستی بی جے پی صدر سی آر پاٹل نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں یہ فہرست جاری کی۔چہارشنبہ کو پارٹی کی مرکزی الیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں ان ناموں کی منظوری دی گئی۔ بی جے پی صدر جگت پرکاش نڈا نے وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں اس میٹنگ کی صدارت کی۔ اس میٹنگ میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امیت شاہ اور دیگر اراکین موجود تھے۔پارٹی کی پہلی فہرست جاری ہونے سے پہلے سابق وزیر اعلیٰ وجئے روپانی اور سابق نائب وزیر اعلیٰ نتن پٹیل نے الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کیا ہے۔بھوپیندر یادو نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ پہلے مرحلے کے لئے 84 اور دوسرے مرحلے کے لئے 76 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان میں سے 13 درج فہرست ذات، 24 درج فہرست قبائل اور 14 خواتین امیدوار شامل ہیں۔ ان خاتون امیدواروں میں کرکٹ کھلاڑی رویندر جڈیجہ کی اہلیہ ریوابا جڈیجہ بھی شامل ہے جسے جام نگر نارتھ کی اسمبلی سیٹ سے پارٹی نے امیدوار بنایا ہے۔اس کے علاوہ کانگریس سے بی جے پی میں شامل ہونے والے پاٹی دار لیڈر ہاردک پٹیل کو بھی پارٹی نے ٹکٹ دیا ہے۔اس کے ساتھ ہی موربی کی نشست سے پارٹی نے موجودہ ایم ایل اے کو ٹکٹ نہیں دیا ہے جبکہ ایسے پارٹی قائد کو اپنا امیدوار بنایا ہے جس نے کیبل بریج حادثہ رونما ہونے پر لوگوں کو بچانے کے لئے مبینہ طور پر ندی میں چھلانگ لگائی تھی۔بھوپیندر یادو نے کہا کہ اس بار 69 موجودہ ایم ایل ایز کو ہی ٹکٹ دیا گیا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ وجئے روپانی، سابق نائب وزیر اعلیٰ نتن پٹیل، وزیر بھوپیندر چوڈاسما، سوربھ پٹیل، پردیپ جڈیجہ، آر سی فالدو وغیرہ نے صدر جگت پرکاش نڈا کو خط لکھ کر کہا ہے کہ اس بار وہ پارٹی کی تنظیم کے لئے کام کریں گے اور الیکشن نہیں لڑیں گے۔مسٹریادو نے کہا کہ پہلی فہرست میں امیدواروں میں چار ڈاکٹر اور چار پی ایچ ڈی بھی ہیں۔ زیادہ تر چہرے نوجوان اور مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے ہیں۔مسٹرسی آر پاٹل نے کہا کہ 18 رکنی کمیٹی نے ہر اسمبلی حلقہ میں جاکرسروے کیا اور 4-4 ناموں کا ایک پینل بنایا، جسے سنٹرل الیکشن کمیٹی نے منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ اس بار بی جے پی سب سے زیادہ سیٹیں کافی زیادہ فرق سے جیتے گی اورسب سے زیادہ ووٹ حاصل کرے گی۔182 رکنی گجرات اسمبلی کے انتخابات یکم اور 5 دسمبر کو دو مرحلوں میں ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہوگی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر