مظفرنگر میں کھتولی اسمبلی سیٹ پر ہوئے ضمنی الیکشن میں گٹھ بندھن امیدوار مدن بھیاّ نے بی جے پی کی امیدوار کو بڑے فرق سے شکست دی ، مدن بھیا نے بی جے پی کی امیدوار راجکمار ی کو تقریباً 22 ہزار ووٹوں سے شکست دی ہے، کھتولی اسمبلی سیٹ کے ضمنی انتخاب کی آج صبح مظفرنگر نوین منڈی میں گنتی شروع ہوئی ،جس میں راشٹریہ لوکدل کے امیدوار مدن بھیا نے شروع سے ہی سبقت بنائے رکھی،راونڈ در راونڈ انہوں نے بی جے پی امیدوار کو آگے نہیں بڑھنے دیا ،بی جے پی اس سیٹ پر 2017ءاورمارچ 2022 کے اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کرچکی ہے، لیکن اس مرتبہ وہ اس سیٹ پر شکست کھائی گئی۔ 27 ویں راونڈ کا نتیجہ آتے ہی رائے شماری کے مقام پر راشٹریہ لوکدل اور سماجوادی پارٹی کے لیڈران جمع ہونا شروع ہوگئے، راشٹریہ لوکدل کے امیدوار نے 22 ہزار 165ووٹ سے کامیابی حاصل کی۔
واضح رہے کہ کھتولی اسمبلی سیٹ سے بی جے پی سابق رکن اسمبلی وکرم سینی کو مظفرنگر فسادات کے معاملہ میں عدالت سے دو سال کی سزا دیئے جانے کے بعد ان کی اسمبلی رکنیت منسوخ کردی گئی تھی، حالانکہ وکرم سینی نے نچلی عدالت کے فیصلہ کو ہائی کورٹ تک میں چیلنج کیا لیکن کورٹ نے نچلی عدالت کے فیصلہ کو برقرار رکھا ،جس کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے ان کی رکنیت منسوخ کرکے کھتولی اسمبلی سیٹ پر ضمنی الیکشن کرانے کا اعلان کیا گیا،جس میں 5 دسمبر کو ووٹ ہوئی تھی،جس کے نتیجے آج سامنے آئے ہیں،جہاں بی جے پی کو شکست کا سامنا کرناپڑا اور لوکدل کے سماجوادی پارٹی کی حمایت یافتہ امیدوار مدن بھیا نے کامیابی حاصل کی ، واضح رہے کہ اس سیٹ پر کامیابی کے لئے بی جے پی نے پورا زور لگا دیاتھا، یہاں وزیر اعلیٰ کے پروگرام ہوئے اور درجنوں وزراءنے ڈیڑہ ڈال دیا تھا،اس سیٹ پر مرکزی وزیر سنجیو بالیان کی بھی عزت داو پر لگی ہوئی تھی اور بی جے پی ریاستی صدر بھوپیندر سنگھ بھی اس حلقہ میں سرگرم تھے ،لیکن بی جے پی کی مہم کامیاب نہیں ہوسکی اور لوکدل کے مدن بھیا نے بڑی اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔
رائے شماری کے دوران مظفرنگر میں سیکوریٹی کا سخت بندوبست رہا، ایس ایس پی ونیت جیسوال،اے ڈی ایم ای نریندر بھادو سنگھ ،ایس پی سٹی ارپت وجے ورگیہ،ایس پی دیہات اتل شری واستو،سٹی مجسٹریٹ انوپ سنگھ سمیت اعلیٰ افسران نوین منڈی پر چل رہی گنتی کا جائزہ لیتے رہے۔ ادھر مدن بھیا کی کامیابی پر علاقہ میں سماجوادی پارٹی اور لوکدل کے کارکنان نے خوشی کااظہار کیا اور مٹھائیاں کھلاکر ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔
0 Comments