Latest News

دو نائب وزیراعلیٰ گھوم رہے ہیں ایک افسرکا تبادلہ نہیں کراسکتے: رامپور میں اکھلیش یادو کا طنز، اعظم خان اور چندرشیکھر نے بھی یوگی حکومت کو بنایا نشانہ۔

رام پور: تاریخی قلعہ کے میدان میں سماج وادی پارٹی کے قومی صد ر اکھلیش یادونے سماج وادی پارٹی کے ضمنی اسمبلی چنائوکے امیدوار محمد عاصم راجہ کی حمایت میں ہوئے جلسے سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ قانون چلاناہم جانتے ہیں۔ بھاجپاقانون نہیں جانتی ہے۔ بھاجپامیں ہرقوم، برادری اورمذہب والوں کا استحصال ہورہاہے۔ لوگ سماج وادی پارٹی کے دور کو یادکررہی ہے۔ کیوںکہ اب وہ زیادتیاں سہتے سہتے پریشان ہوگئے ہیں۔ اترپردیش غنڈہ پردیش بن چکا ہے ۔ حیرت ہوتی ہے کہ سینئر لیڈراعظم خاں کو محض اس لئے بھاجپانے جیل رسیدکرایاکہ انہوں نے تعلیم کامرکز محمدعلی جوہریونیورسٹی کاقیام کرایا۔ ان پر لا تعداد مقدمات قائم کرائے۔ کم سے کم سوچناچاہئے تھابھاجپاکووہ یہ کیاکرنے جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ جو دو نائب وزیراعلیٰ گھوم رہے ہیں ایک کا محکمہ لے لیا گیا ہے۔ سی ایم او یا کسی افسرکا تبادلہ نہیں کراسکتے ۔ اچھاہے آجائیں۔100ارکانِ اسمبلی دے کر وزیراعلیٰ بنوادیںگے۔ دو نائب وزیراعلیٰ ہوکر کچھ نہیں ہیں۔ 
اکھلیش یادو نے کہاکہ ہمیں اب نفرت کا جواب 5دسمبرکو اپنے ووٹ کی طاقت سے دیناہے ۔ انہوں نے کہاکہ عاصم راجہ کو کامیاب بنائیںاور اپنی طاقت کااستعمال ووٹ کے ذریعے کریں۔ تب انقلاب آئے گا۔ حالات آتے جاتے ہیں۔ بھاجپاکو ہوش میں رہنا چاہئے۔
بھیم آرمی کے چیف چندرشیکھرآزاد نے کہاکہ میں کل سے یہاں انتظامیہ کاظلم وستم دیکھ رہا ہوں۔کس طرح لوگوں کو ڈرایادھمکایا جار ہا ہے ۔ انتظامیہ سے کہنا چاہتا ہوںکہ سماج وادی پارٹی نہیں ہاررہی ہے۔ اب اس سے بڑی اسکیم یہی ہوسکتی ہے انتخابی کمیشن کو بھاجپاکے دفترمیں لاکر بس کامیابی کاسرٹیفکیٹ دے دیں ۔رام پور کی تاریخ میں عاصم راجہ کی جوجیت ہوگی وہ خود اپنے آپ میں ایک تاریخ بنے گی۔ سرکارآپ سے کھیل رہی ہے۔ آپ اس کو بخوبی سمجھ لیں کہ ہمیں کچھ نہیں کرناہے چاہیں۔کتنی بھی مصیبتیں آئیں ہم مقابلہ کریں اورووٹ ڈالیں۔ یہ الگ بات ہے کہ جس کی سرکارہوتی ہے اس کی پولیس ہوتی ہے۔ ہمیں بھاجپاکی نیتیوں پرپانی ڈالنا ہے۔بہت شرم کی بات ہے بے قصوروں کو جیل بھیجاجارہاہے اورمجھے بھی راسوخہ لگاکر جیل بھیج دیا گیا اور 16 مہینے جیل میں رہا۔اوراس سے بڑی کیا زیادتیاں ہوں گی۔ 
سابق رکنِ اسمبلی اور سماج وادی پارٹی کے جنرل سکریٹری محمداعظم خاںنے اپنے جذباتی خطاب میں کہاکہ یہ وہی رام پورہے جہاں کانواب اپنی گاڑیوں کو نکلنے کے لئے چھوٹے چھوٹے دروازے، اللہ کے گھرسے اونچی اپنی عمارت، عیاشی کے لئے قلعہ کامیدان بناچکاتھا۔ یہ وہی جگہ ہے جہاں میراقتل کرنے کے لئے سینے پر طمنچے بھی رکھ دئے مگر میں ہلاک نہیں ہوسکا۔ کہاکہ میں لوگوں سے کہتاہوں کہ تم نے صرف سناہے خداہے مگرمیںنے خداکو بہت قریب سے دیکھا ہے۔ سرکار کی نفرت کا عالم یہ ہے جامع مسجدمیں عیدکی نمازمیں ایک صف بھی نہیںب ھرسکی اور عیدگاہ بن رہی۔ میرے رام پورکے لوگوں کے ساتھ اس قدرظلم کیاجارہاہے کہ خداکی پناہ ، مہینوں سے سابق چیرمین جیل میں ہیں میں خود27مہینے اپنے بیٹے اوربیوی کے ساتھ رہاہوں۔ اعظم خاں نے کہاکہ ظلم کی داستان کو دوہرایانہیں جائے گا۔ اس کے لئے چاہیں ہمیں کتنی بھی تکالیف کاسامناکرناپڑے ہم 5دسمبرکو سائیکل والے خانے پر مہرلگاکر عاصم راجہ کو کامیاب بنائیں گے ۔ سرکار کے ظلم کو اب برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ اب ہمارا وقت آنے والاہے۔ سماج وادی امیدوار محمد عاصم راجہ نے کہاکہ نفرت کی سیاست کو ختم کریں۔ ہندومسلم کی سیاست اب چلنے والی نہیں ہے۔ بہت ظلم جھیل رہے ہیں۔ ایمرجنسی سے زیادہ بدتر حالات چل رہے ہیں۔ مگرہمیں اپنے رام پورکی گنگاتہذیب کو باقی رکھنے کے لئے سماج واد ی پارٹی کو ہی کامیاب بنانا چاہئے۔ اس موقع پر قومی لوک دل بلجیت سنگھ بٹو،رکنِ پارلیمنٹ مرادآباد ڈاکٹر ایس ٹی حسن، ارکانِ اسمبلی نصیراحمدخاں، عبداللہ اعظم خاں، چیرپرسن نگرپالیکاپریشدفاطمہ جبیں، ادیب اعظم نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر بڑی تعدادمیں مردوخواتین موجودرہے۔ نظامت کے فرائض فرحان خاں نے انجام دیے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر