Latest News

اب جبل پور میں دہلی جیسا حادثہ، ٹرک نے میڈیکل کی طالبہ کو ۵۰ میٹر تک گھسیٹا، موقع پر ہی موت۔

جبل پور: نیشنل ہائی وے-۳۴کے بھیڑاگھاٹ سے تلوارہ جانے والے روڈ پر بدھ کی رات دہلی جیسا دردناک حادثہ پیش آیا۔ ایک تیز رفتار ٹرک نے بائک کو ٹکر مار دی۔ بائک ایک میڈیکل طالب علم چلا رہا تھا۔ ٹرک کی ٹکر سے طالب علم دور جاکر گرا، وہیں پیچھے بیٹھی میڈیکل کی طالبہ ٹرک میں پھنس گئی۔ 
ٹرک ڈرائیور نے بھاگنے کے لئے ٹرک کی رفتار بڑھا دی اور لڑکی ٹرک کے ساتھ تقریباً پچاس میٹر تک گھسیٹتی رہی۔ اس حادثے میں لڑکی کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور اس کی لاش بری طرح مسخ ہو گئی۔ زخمی طالب علم کو میڈیکل اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس ٹرک ڈرائیور کی تلاش کر رہی ہے۔ اس حادثہ سے مشتعل میڈیکل طلباء کی بڑی تعداد اسپتال میں جمع ہوگئی اور دیر رات تک ہنگامہ ہوتا رہا۔اس سلسلے میں گڑھا تھانہ انچارج راکیش تیواری نے بتایا کہ شہڈول کے رہنے والی روبی ٹھاکر اور ریوا کے رہنے والے سوربھ اوجھا نیتا جی سبھاش چندر بوس میڈیکل کالج اسپتال میں ایم بی بی ایس تھرڈ ایئر کے طالب علم تھے۔ سوربھ اور روبی بدھ کی رات تلوارہ گھاٹ کی طرف گئے تھے۔ رات تقریباً دس بجے دونوں بھیڑاگھاٹ بائی پاس سے تلوارہ جانے والی سروس لین سے ہو کر واپس آ رہے تھے۔ اسی سڑک پر ایک ٹرک بھوپال سے ناگپور کی طرف جا رہا تھا۔ سوربھ اور روبی کی بائک ابھی چوراہے کے قریب پہنچی ہی تھی کہ ایک تیز رفتار ٹرک نے بائک کو ٹکر مار دی۔ ٹکر لگتے ہی سوربھ بائک سمیت دور جا گرا۔انہوں نے بتایا کہ روبی دوسری طرف گر گئی اور اس کی لاش ٹرک میں پھنس گئی۔ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور نے گاڑی کو تیز رفتار سے بھگانے کی کوشش کی۔ جس کی وجہ سے روبی تقریباً پچاس میٹر تک گھسیٹتی رہی۔ اس کا جسم مکمل طور پر مسخ ہو چکا تھا۔ جسم سے بہت زیادہ خون بہنے لگا اور سر اور پورے جسم پر شدید چوٹیں لگنے سے اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ سڑک پر تقریباً 50 میٹر تک گوشت کے لوتھرے اور خون پڑے تھے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر