Latest News

یوم جمہوریہ سے قبل آئین ہند کی تخلیق و نفاذ میں اسلاف کی قربانیوں اور خدمات سے واقف کرائے گی جمعیۃ علماء۔

کانپور: ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کے سبب اس ملک کو آزادی ملی،26 جنوری 1950 کو ہمارے ملک میں آئین کا نفاذ عمل میں آیا،جس کی مناسبت سے ہر سال 26جنوری کو پورے ملک میں یوم جمہوریہ کا جشن منایاجاتا ہے۔ آئین ہند کی تخلیق میں جمعیۃ علماء ہند کے اکابر، مسلم قائدین اوراسلا ف کی بیش قیمتی خدمات سے ہمارے ملک کی تاریخ روشن ہے۔ ملک کی آئین سازی،اس کے نفاذ اور اس کے بعد کے حالات سے نوجوان نسل کو واقف کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ 
مذکورہ خیالات کا اظہار جمعیۃ علماء اتر پردیش کے نائب صدر اور شہری جمعیۃ کے جنرل سکریٹری مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ہمارے ملک کے حالات بدل رہے ہیں اور مغربی تہذیب سے متاثر نوجوان اپنے اسلاف کی تاریخ سے ناواقف ہونے کی وجہ سے احساس کمتری کا شکار ہو رہے ہیں، ایسے ماحول میں اپنے نوجوانوں خاص طور پر اسکول و کالج میں زیر تعلیم بچوں، بچیوں کو اپنے بزرگوں کی روشن تاریخ سے روشناس کرانا انتہائی ضروری ہوچکاہے۔ جمعیۃ علماء شہر کانپور کے زیر اہتمام 19/ جنوری سے لے کر 26/ جنوری تک شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں کی سرپرستی میں ”آئین ہند کی تخلیق اور نفاذ میں اسلاف کی قربانیاں اور خدمات“مہم چلاکر عوام و خواص تک اکابرین کی قربانیوں اور خدمات سے واقف کرانے کاکام کیا جائے گا۔ مولانا نے بتایا کہ مہم کے تحت مختلف جہات کے اجلاس، کارنر میٹنگیں اور تقریبات منعقد کی جائیں گی، جس میں شہر و بیرون شہر کے علمائے کرام و معززین کے خطابات ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ہفتہ تک چھوٹے بڑے پروگرام واجلاس کے بعد 26/ جنوری کو جمعیۃ بلڈنگ رجبی روڈ پر عظیم الشان تقریب کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں شہر کے علمائے کرام، ائمہ مساجد، ذمہ داران مدارس و مکاتب، معززین شہر اور ذمہ داران حضرات کو مدعو کیا جائے گا۔ مولانا عبد اللہ قاسمی نے بتایا کہ جلد ہی پروگرام طے کئے جائیں گے، پروگرام طے ہونے کے بعد ذرائع سے آپ تک اطلاع پہنچ جائے گی۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر