Latest News

سعودی عرب کی زلزلہ متاثرین کی امداد قابل تحسین۔

مولانامحمد عارف عمری۔
سعودی عرب کو اللہ تعالیٰ نے ایک طرف حرمین شریفین کی تولیت کا اعزاز بخشا ہے جس کے سبب سے اس حکومت کو دینی وجاہت حاصل ہے تو دوسری طرف پٹرول کے ذخائر کی دولت سے مالا مال یہ ملک کسی بھی ناگہانی آفت ومصیبت میں پورے عالم کے لئے بلا تفریق مذہب وملت سرگرم عمل ہوجاتا ہے، جس کی تازہ مثال ترکی اور شام میں آئے بھیانک زلزلے کے متاثرین کی امداد ہے
تقریباً دس بارہ سال پہلے پاکستان کے زیر نگیں کشمیر میں بھیانک زلزلہ آیا تھا جس کے متاثرین کی امداد کے لئے ملک عبداللہ بن عبد العزیز آل سعودنے حکومتی سطح پر امداد کرنے کے ساتھ ساتھ سعودی عوام سے بھی تعاون کی پر زور اپیل کی تھی،
کرونا وائرس کے دور میں ہمارے ملک میں جب آکسیجن کا بحران شباب پر تھا، تو اس وقت سعودی حکومت نے وافر مقدار میں آکسیجن ہندوستان کو سپلائی کیا تھا
اس وقت سعودی عرب کی حکومت، اور تمام شعبہ جات اور عوام ترکی اور شام کے زلزلہ متاثرین کی مدد کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں
سعودی فرماں روا خادم الحرمین الشریفین ملک سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان نے فضائی اور زمینی ہر راستے سے متاثرین تک امداد پہونچانے کا سلسلہ قائم کیا ہے، سعودی عرب میں اسلامی امور کے وزیر شیخ عبد اللطیف آل شیخ نے پورے ملک کے خطباء اور ائمہ سے اپیل کی ہے کہ جمعہ کے خطبات میں زلزلہ متاثرین کے لئے دعائے خیر کا اہتمام کریں اور عوام الناس کو دکھ کی اس گھڑی میں مدد کرنے کی ترغیب دیں
اطلاعات کے مطابق سعودی عرب متاثرین کی مدد کرنے میں سر فہرست ملک ہے،
ہم اللہ رب العزت سے دعا کرتے ہیں کہ اس حکومت کو نیک اعمال کی توفیق عطا فرمائے اور تمام حسنات کو شرف قبولیت بخشے۔

مولانامحمد عارف عمری۔
رکن مجلس عاملہ جمعیتہ علماءمہاراشٹر۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر