ممبئی: مہاراشٹر کے سابق وزیر اور راشٹر وادی کانگریس کے لیڈر حسن مشرف کی مشکلیں بڑھتی ہی جارہی ہیں، ایک طرف ای ڈی حسن مشرف پر شکنجہ کسے ہوئے ہے تو دوسری طرف این سی پی لیڈر کو عدالت سے بڑا جھٹکا ملا ہے، پی ایم ایل اے کورٹ نے حسن مشرف کی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست مسترد کردی ہے، اس لیے ان پر گرفتاری کی تلوار لٹک رہی ہے، حسن مشرف پر کولہا پور کے کاگل میں واقع چینی کارخانے میں گھوٹالے کا الزام ہے۔ کولہا پور کی چینی فیکٹری میں ۴۰ کروڑ روپئے کے مبینہ گھوٹالے کے الزام میں کیس درج کیاگیا ہے، الزام ہے کہ این سی پی ممبر اسمبلی حسن مشرف فیکٹری کےلیے لالچ دکھا کر شیئر ہتھیائے تھے، کولہا پور کے کاروباری وویک کلکرنی نے ان کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔ حال ہی میں کولہا پور ضلع مدھیہ ورتی بینک میں ای ڈی نے چھاپہ ماری کی تھی، بتایا جارہا ہے کہ حسن مشرف کا مالی لین دین اسی بینک سے ہوتا تھا، جس کی اطلاعات حاصل کرنے کےلیے ای ڈی نے چھاپہ ماری کی تھی، اس دوران بینک کے کچھ اہلکاروں سے ای ڈی نے طویل پوچھ تاچھ کی تھی۔ بتادیں کہ کچھ دنوں قبل ای ڈی نے حسن مشرف سے منسلک پراپرٹی پر چھاپہ مارا تھا، مشرف کے کاگل میں واقع گھر اور دفتر پر بھی ای ڈی نے چھاپہ ماری کی تھی، کئی گھنٹوں کی طویل جانچ کے بعد ای ڈی نے کئی دستاویزات ضبط کیے تھے، اسی درمیان پولس نے بھی حسن مشرف کے خلاف معاملہ درج کیا۔ اس لیے ای ڈی کی کارروائی میں تیزی آنے کا امکان ظاہر کیاجارہا ہے، اور سینئر لیڈر کو کسی بھی وقت گرفتار کیاجاسکتا ہے۔
0 Comments