نئی دہلی: آئی پی ایل میں گجرات ٹائٹنز کے لیے کھیلنے والے بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز یش دیال نے مبینہ طور پر اپنی آفیشل انسٹاگرام اسٹوری پر ایک فرقہ وارانہ پوسٹ شیئر کرنے کے بعد خود کو مشکل میں ڈال دیا۔ یش دیال کی انسٹا اسٹوری کے اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے۔ اس پوسٹ کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد یش دیال نے اسے ڈیلیٹ کر دیا اور فوراً معافی مانگ لی۔دراصل گجرات ٹائٹنز کے کھلاڑی یش دیال نے اپنے آفیشل انسٹا ہینڈل پر ایک فوٹو اسٹوری شیئر کی۔ یہ تصویر گذشتہ دنوں دہلی میں پیش آنے والے 'ساکشی قتل کیس سے متعلق تھی۔ تاہم دیال نے جلد ہی اپنی اسٹوری کو ڈیلیٹ کر دیا اور پھر لوگوں سے معافی مانگی۔ایک اور انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے یش دیال نے لکھا، دوستو، مجھے افسوس ہے، میں نے غلطی سے ایک پوسٹ شیئر کر دی، آپ سے درخواست ہے کہ نفرت نہ پھیلائیں۔ میں تمام معاشروں اور مذاہب کا احترام کرتا ہوں۔ وہیں سوشل میڈیا پر کچھ لوگ بی سی سی آئی سے اس کھلاڑی کے خلاف کارروائی کی مانگ کی ہے۔ واضح رہے کہ آئی پی ایل 2023 کے 13ویں میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کھلاڑی رنکو سنگھ نے گجرات ٹائٹنز کے اس تیز گیند باز کو ایک اوور میں پانچ چھکے لگائے تھے۔ رنکو سنگھ نے گجرات ٹائٹنز کے خلاف آخری اوور میں کے کے آر کو غیر متوقع فتح دلانے کے لیے پانچ چھکے لگائے۔ اس کے بعد یش دیال کافی دیر تک صدمے میں رہے۔
0 Comments