Latest News

نوح میں فرقہ وارانہ تشدد، پتھراؤ، متعدد گاڑیوں میں توڑ پھوڑ آگ زنی، فائرنگ کے واقعات، انٹرنیٹ بند، حالات کشیدہ، مونو مانیسر پر الزام۔

نوح: میوات کےنوح میں شوبھا یاترا کے دوران دو گروپ آمنے سامنے آ گئے اور دونوں میں تصادم ہو گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ کئی راؤنڈ گولیاں بھی چلیں اور متعدد گاڑیوں کے ساتھ توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔ اس تصادم میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں جنھیں علاج کے لیے فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ تصادم کے دوران دو روم گارڈ جوانوں کے مرنے کی خبر ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تصادم کے دوران مشتعل لوگوں نے کئی گاڑیوں کو نذرِ آتش کر دیا۔ اس کے بعد پورے علاقے میں دہشت جیسے حالات بن گئے۔ کشیدگی کو دیکھتے ہوئے کثیر تعداد میں پولیس فورس کی تعیناتی کی گئی ہے۔ موقع پر پہنچی پولیس فورس حالات کو قابو میں کرنے کی لگاتار کوششیں کر رہی ہے۔
 میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برج منڈل یاترا (شوبھا یاترا) جب شیو مندر کے پاس پہنچی تو وہاں پر دو گروپوں کے درمیان ہنگامہ شروع ہو گیا۔ دونوں گروپوں کے درمیان تصادم کے بعد پتھراؤ اور آتش زنی کی خبریں ہیں۔ شرپسندوں نے کئی گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی۔ پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔ پولیس کے مطابق تشدد میں اب تک 20 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ بعض مقامات پر لوگوں کی طرف سے فائرنگ کی بھی خبریں ہیں۔ اس کی وجہ سے گروگرام سے سوہنا تک سڑک بند کردی گئی ہے۔
این ڈی ٹی وی NDTVکی رپورٹ کے مطابق شوبھا یاترا میں حصہ لینے آئے تقریباً 2500 لوگ ہنگامہ آرائی کے بعد نالہار مندر میں پھنس گئے ہیں۔ ان میں بڑی تعداد میں بچے اور خواتین شامل ہیں۔
انٹرنیٹ بند اور دفعہ 144 نافذ.
نوح ضلعی انتظامیہ نے صورتحال سے نمٹنے کے لیے دیگر اضلاع سے پولیس فورس کو طلب کر لیا ہے۔ ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ پورے ضلع میں دفعہ 144 نافذ کرکے انٹرنیٹ بھی بند کردیا گیا۔ ضلع کی حدود سیل کر دی گئیں۔
ترنگا پارک کے قریب ہنگامہ.
رپورٹ کے مطابق پیر کے روز برج منڈل یاترا نوح کے نہلاد شیو مندر سے فیروز پور-جھرکہ کی طرف روانہ ہوئی تھی۔ جیسے ہی یاترا ترنگا پارک کے قریب پہنچی، وہاں لوگوں کا ایک گروپ پہلے سے جمع ہو چکا تھا۔ جیسے ہی وہ آمنے سامنے آئے فریقین میں جھگڑا ہوگیا۔ کچھ ہی دیر میں پتھراؤ شروع ہو گیا۔ کچھ گاڑیوں میں آگ لگنے کی بھی خبر ہے۔ پولس جلوس میں ہونے والی صورتحال کو سنبھالنے کی کوشش کر رہی ہے، ان لوگوں پر ہنگامہ آرائی کا الزام ہے۔
رپورٹ کے مطابق نوح کے مونو مانیسر اور بجرنگ دل سے وابستہ اس کے ساتھیوں پر کئی لوگوں کے قتل کا الزام ہے۔ انہوں نے کچھ دن پہلے ویڈیو وائرل کیا تھا اور کھلا چیلنج کیا تھا کہ وہ یاترا کے دوران میوات میں ہی رہیں گے۔ علاقے کا ماحول پہلے ہی گرم تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ جلوس کے دوران کچھ بھیڑ نے مونو مانیسر اور ان کے ساتھیوں کو دیکھا۔ اس کے بعد نوح شہر کے قریب گروگرام-الور قومی شاہراہ پر زبردست ہنگامہ ہوا۔
فائرنگ اور آتش زنی بھی کی گئی۔
ہنگامہ آرائی کے دوران فائرنگ سے لے کر آتش زنی تک کے واقعات رونما ہوئے۔ کئی سرکاری گاڑیوں کی توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔ ہجوم نے کچھ نجی گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا۔ پولیس نے معاملے کو ٹھنڈا کرنے کے لیے فائرنگ بھی کی۔ حالات کشیدہ ہیں اور کئی مقامات سے چھٹپٹ واقعات کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ تنازعہ بڑھنے کے بعد پورے نوح شہر کا بازار بند کر دیا گیا ہے۔ سب سے پہلے ترنگا پارک کے اطراف کے علاقے کی دکانیں بند کرائی گئیں۔ جس کے بعد نوح شہر کے مرکزی بازار کے علاوہ نیا بازار، گلی بازار اور ہوڈل بائی پاس سمیت شہر کی دیگر مارکیٹیں بھی دکانداروں نے بند کر دیں۔ کشیدگی کے پیش نظر لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔
این ڈی ٹی وی
 انپُٹس کے ساتھ۔



Post a Comment

0 Comments

خاص خبر