Latest News

امانت اللہ خان معاملے میں دہلی پولس کو سپریم کورٹ کا نوٹس۔

نئی دہلی:  سپریم کورٹ نے عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان کو اشتہاری مجرم قرار دینے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے دہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا ہے۔ امانت اللہ خان نے دہلی ہائی کورٹ کے حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ 19 جنوری کو دہلی ہائی کورٹ نے عام آدمی پارٹی کے اوکھلا حلقہ سے رکن اسمبلی امانت اللہ خان کو اشتہاری مجرم قرار دینے کے خلاف امانت اللہ کی طرف سے دائر درخواست کو خارج کر دیا۔ سماعت کے دوران امانت اللہ خان کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل ایم سفیان صدیقی نے کہا تھا کہ کوئی شخص ملزم ہے یا نہیں اس کا فیصلہ عدالت کرے گی پولیس نہیں۔ ہائی کورٹ نے یکم جون کو دہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا تھا۔ 12 مئی کو مدن پور کھادر علاقے میں تجاوزات ہٹانے میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں دہلی پولیس نے امانت اللہ خان کو اشتہاری مجرم قرار دیا تھا۔ دہلی پولیس کے اس فیصلے کو امانت اللہ خان نے چیلنج کیا ہے۔اس معاملے میں، 13 مئی کو، ساکیت عدالت نے امانت اللہ خان کو 50000 روپئے جمع کرنے پر ضمانت دی تھی۔ امانت اللہ خان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 186، 332، 353،147،148،149 اور 153 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ امانت اللہ خان اپنے حامیوں کے ہمراہ بلڈوزر کاروائی روکنے کے لئے مدن پور کھادر گئے تھے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر