جبل پور: بی جے پی لیڈر ثنا خان کے بارے میں چونکا دینے والا انکشاف ہوا ہے۔ ناگپور کی ثنا خان کو اس کے شوہر امت عرف پپو ساہو نے قتل کیا ۔ قتل کے بعد پپو نے لاش ہرن ندی میں پھینک دی تھی۔ پولیس اس کی اطلاع پر متوفی کی لاش کو تلاش کر رہی ہے۔ امت نے 50 لاکھ روپے کے لئے اہلیہ ثنا کا قتل کیا۔ اس نے اپنی بیوی سے یہ رقم پارٹنرشپ کے لئے لی تھی۔ جب ثنا نے امت سے یہ رقم واپس کرنے کیلئے کہا تو دونوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا، جس کے بعد ملزم نے قتل جیسا خوفناک قدم اٹھایا۔ پولیس ملزم سے مزید پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
نیوز 18پورٹل کی خبر کے مطابق پولیس نے بتایا کہ امت نے قتل کے حوالے سے کئی انکشافات کئے ہیں ۔ اس نے اعتراف جرم کرلیا ہے ۔ ملزم نے پولیس کو بتایا کہ اس نے دو اگست کو ہی تلہری کی راجل ٹاون شپ میں واقع گھر میں ثنا کا قتل کردیا تھا۔ اس نے ثنا کو ڈنڈے سے مار کر موت کے گھاٹ اتارا ۔ اس کے بعد امت بیلکھیڑا تھانہ کے تحت پل گیا اور ثنا کی لاش کو ہرن ندی میں پھینک دیا ۔ اس کے بیان کے بعد پولیس ملزم کو کرائم سین پر لے گئی ۔ پولیس ابھی تک ثنا کی لاش تلاش کررہی ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ ثنا دو اگست کو ناگپور سے جبلپور آئی تھی ۔ یہاں آتے ہی وہ امت کے گھر گئی ۔ دونوں کے درمیان 50 لاکھ روپے کو لے کر بات چیت ہونے گی ۔ دونوں کے درمیان ہونے والی بات چیت نے تنازع کی شکل اختیار کرلیا ۔ دو گھنٹے تک دونوں ایک دوسرے پر چیختے چلاتے رہے ۔ اسی دوران ثنا نے طیش میں آکر امت کو نازیبا الفاظ کہہ دئے ۔ اس کے بعد امت نے غصہ میں ڈنڈا اٹھایا اور ثنا کے سر پر مار دیا ۔ قتل کے بعد امت نے دوست کو فون کرکے بلایا ۔ دونوں نے ثنا کی لاش کو ٹھانے لگا دیا ۔ دونوں مل کر ثنا کی لاش کو اس وقت ندی میں پھینکا ، جب اس میں بہاو تیز تھا ۔
جانکاری کے مطابق اس قتل کیس کا انکشاف اس وقت ہوا جب ثنا خان کی ماں مہر النساء نے ناگپور پولیس میں اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی ۔ اس کے بعد ناگپور پولیس اس کی تلاش کرتے کرتے جبل پور پہنچی۔ اس کی جانچ میں رفتہ رفتہ قتل کی پرتیں کھلنے لگیں۔ پولیس کے ہاتھ ایک سی سی ٹی وی فوٹیج بھی لگا، جس میں ثنا کہیں جاتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔
0 Comments