ماں باپ نے اپنی بیٹی کے لئے جو خواب دیکھے تھے انہیں شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے بیٹی نے سخت جدوجہد کی، لیکن اس خوشی میں خواب دیکھنے والے والدین شامل نہیں ہیں۔ دیوبند کے محلہ گوجر واڑہ کی باشندہ اور سابق میونسپل رکن مرحوم چودھری مرسلین کی دختر گلفشاں چودھری کا بحیثیت جج تقرر ہوا ہے۔ انہوں نے جج بن کر جہاں اپنی زندگی کا ایک نیا مقام حاصل کیا ہے وہیں اپنے علاقے و والدین کا نام بھی روشن کیا ہے۔ گلفشاں چودھری کے بطور جج منتخب ہونے پر عوامی حلقوں، خاندان کے افراد اور عزیز واقارب نے خوشی کا اظہارکیا ہے اور لڑکی کو مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔
بیٹی نے گزشتہ روز آئے نتائج میں شاندار کامیابی حاصل کرکے پورے علاقہ اور سماج و ملت کا نام روشن کیاہے، حالانکہ گلفشاں کے والدین چودھری مرسلین اور والدہ عمرانہ ان ان کی اس خوشی میں شامل نہیں ہے کیونکہ گزشتہ ایک سال قبل چند مہینوں کے اندر دونوں کا انتقال ہو گیا تھا۔
آج سکریٹری شعبہ دینی تعلیم آل انڈیا ملی کونسل مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی نے حوصلہ افزائی اور مبارک باد پیش کرنے کے لئے گل فشاں کے بھائی چودھری ندیم و گھر کے افراد سے ملنے پہنچے۔ انھوں نے اہل خانہ و بیٹی گلفشاں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ ہم سبھی کے لئے باعث فخر چیز ہے کہ آپ کی بیٹی نے جس ہدف و مقصد کے لئے کوششیں کیں اور محنت،لگن اور جانفشانی کے ساتھ اپنی تعلیم پر توجہ مبذول رکھی اور مقصدیت کو اپنی آنکھوں سے اوجھل نہیں ہونے دیا،یہ اسی کا ثمرہ ہے کہ ان کو جج کا ایک اعلی عہدہ نصیب ہوا۔ میں آپ سبھی کو اپنی جانب و ملی کونسل کی جانب سے مبارک باد پیش کرتا ہوں اور بیٹی کی مزید ترقی کے لئے دعا گوں ہوں ۔ اس موقع پر حاجی محبوب، حافظ مصروف رحمتی، حافظ ابراہیم رحمتی کے علاوہ شہر دیوبند کے معزز حضرات موجود رہے۔ یوپی رابطہ کمیٹی کے سکریٹری ڈاکٹر عبید اقبال عاصم نے گل افشاں کے انتخاب پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے قصبہ دیوبند کے نامی گرامی چودھری خاندان سے تعلق رکھنے والی گل افشاں چودھری کے جج منتخب ہونے پر بہت زیادہ خوشی ہوئی ، ان کے والد مرحوم مرسلین چودھری قصبہ کے بااثر افراد میں شمار ہوتے تھے ، اب وہ اس دنیا میں نہیں ہیں ، اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ ہماری دعا ہے کہ وہ ترقی کے اعلیٰ مناظر جلد از جلد طے کرے اور اپنے منصفانہ فیصلوں سے خاندان اور ملک وملت کا نام روشن کرے۔
ان کے علاوہ گل افشاں کے جج بننے پر آل انڈیا گوجر مہاسبھا کے ضلع صدر شکیل گوجر پردھان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گل افشاں نے عظیم کارنامہ انجام دیا ہے جس کے لئے وہ قابل مبارک باد ہیں۔ دیوبند کی سماجی وسیاسی شخصیت سکندر گوڑ ، کانگریس کے ضلع صدر چودھری مظفرعلی، جمعیة علماءہند کے شہر صدر چودھری صادق، قاری زبیر احمد قاسمی، جمعیة علماءہندکی مجلس منتظمہ کے رکن مولانا شمشیر قاسمی، نسیم انصاری ایڈوکیٹ، ارشد صدیقی وغیرہ نے بھی گل افشاں کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مبارک باد دی۔
0 Comments