Latest News

کرناٹک: مسجد میں گھس کر ’جے شری رام‘ کے نعرے لگانے والے دو افراد گرفتار۔

بنگلورو: کرناٹک میں فرقہ وارانہ منافرت پیدا کرنے کی سازش ناکام ہو گئی،جنوبی کنڑ ضلع میں مسجد میں گھس کر ’جے شری رام‘ کے نعرے لگانے والے دو افراد کو گرفتارکر لیا گیا ہے ۔ کدبا پولیس نے بتایا کہ مسجد کے اندر نعرے بازی کا واقعہ اتوار کی رات 11 بجے کے قریب پیش آیا۔ رات کے وقت دو نامعلوم افراد موٹر سائیکل پر آئے اور مردھالا بدریا جامع مسجد کے احاطے میں گھس گئے۔ ملزمان کی شناخت 26 سالہ سچن رائے اور 24 سالہ کیرتن پجاری کے طور پر کی گئی۔ دونوں ملزمان کدبا تعلقہ کے کیاکمبا گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ فی الحال پولیس اس معاملے کی جانچ میں مصروف ہے۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ایک سینئر پولیس افسر نے کہاکہ مسجد چار دیواری سے گھری ہوئی ہے۔ کدبا-مردھالہ روڈ کے جنکشن پر مسجد کا ایک گیٹ ہے۔ 24 ستمبر کی رات تقریباً 11 بجے دونوں نوجوان مسجد کے اندر داخل ہوئے اور ’جے شری رام‘ کے نعرے لگانے لگے۔‘‘ پولیس افسر نے بتایا کہ دونوں نوجوانوں نے مسلمانوں کو یہاں نہیں رہنے دینے کی دھمکی بھی دی۔واقعہ کے وقت پیش امام اور مسجد کمیٹی کے سربراہ اپنے دفتر میں موجود تھے۔ جب وہ باہر نکلے تو انہوں نے دیکھا کہ دو نامعلوم افراد مسجد سے نکل رہے ہیں۔ انہوں نے فوراً مسجد کی سی سی ٹی وی فوٹیج سکین کی جس میں مسجد کے سامنے والی سڑک پر ایک مشکوک کارگزرتی ہوئی نظر آئی۔ مسجد کمیٹی کے رکن محمد فاضل نے کہا کہ یہ علاقہ ہندو اور مسلم برادریوں کے درمیان ہم آہنگی کے کے لیے جانا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دونوں ملزمان اس اتحاد کو برداشت نہیں کر سکے اور فرقہ وارانہ منافرت اور کشیدگی پیدا کرنے کی سازش کی۔
کدبا کے سب انسپکٹر ابھینندن نے کہا کہ پیر کو شکایت موصول ہونے کے بعد ہم نے آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا۔ اس معاملے میں دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس معاملے کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا یہ ملزمان کسی تنظیم سے جڑے ہوئے ہیں؟ سب انسپکٹر نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ ملزمان نے شراب کے نشے میں یہ حرکت کی اور ان کی کوئی مجرمانہ تاریخ نہیں ہے۔


Post a Comment

0 Comments

خاص خبر