Latest News

محمد سراج کی طوفانی گیند بازی آگے سری لنکا ڈھیر، ہندوستان ۸؍ویں بار ایشیاء کپ پر قابض، تیز گیند باز نے چھ وکٹ لے کر تاریخ رقم کردی۔

کولمبو : ورلڈ کپ کے آغاز سے عین قبل ہندوستان نے کولمبو میں نہ صرف سری لنکا کو زیر کیا بلکہ تہلکہ مچا دیا۔کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں جس مقابلے کو جنگ کا نام دیا جارہا تھا وہ یک طرفہ ثابت ہوا ۔ لنکا کے شیر ہوگئے ڈھیر ۔ہندوستانی گیند بازوں نے سری لنکا کو ۱۵ اوور دو گیند میں ۵۰ رنز پر آل آؤٹ کردیا۔ محمد سراج نے ۶ جبکہ ہاردک نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ایک کامیابی بمراہ کے حصے میں آئیں ۔سری لنکا کو ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ بہت مہنگا پڑا اور لنکا کا کھیل شروع ہونے سے پہلے ہی ختم ہوگیا ۔ تفیصلی اطلاعات کے مطابق تیز گیند باز محمد سراج (۲۱ رن پر چھ وکٹ) اور ہاردک پانڈیا (تین رن پر تین وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے اتوار کو سری لنکا کو دس وکٹوں سے شکست دے کر ایشیا کپ کا خطاب اٹھویں بار جیت لیا۔یہ ایشیا کپ سمیت ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں ہندستان کی اب تک کی سب سے بڑی جیت ہے۔ ہندوستان کو پانچ سال کے وقفے کے بعد ایشیا کپ کی چمکتی ہوئی ٹرافی گھر لانے کا موقع ملا ہے۔ اس سے قبل سال ۲۰۱۸میں ہندوستان نے ایشیا کپ جیتا تھا۔اس جیت کا سہرا حیدر آباد کے کرشمائی گیند باز محمد سراج کے سر جاتا ہے جنہوں نے اپنی لہراتی گیندوں سے سری لنکا کے ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کر دیا اور میزبان ٹیم پندرہ اورر دو گیند کے کھیل میں صرف پچاس رن بنا سکی۔ اس کے ساتھ سراج ون ڈے میں تیز رفتاری سے ۵۰وکٹیں لینے والے تیسرے ہندوستانی گیند باز بن گئے ہیں۔فائنل میں قاتلانہ گیند بازی سے مخالف ٹیم کے خیمے میں تباہی مچانے والے گیند باز محمد سراج کو مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نواز گیا۔ٹیم انڈیا کے بہترین فاسٹ بولر محمد سراج نے ایشیا کپ ۲۰۲۳کے فائنل میچ میں سری لنکا کے خلاف تاریخ رقم کر دی ہے۔ محمد سراج نے فائنل میچ میں سری لنکا کےچھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے اس کے بلے بازوں کی کمر توڑ دی اور ایسا کرنے میں انہوں نے بہت کم گیندیں خرچ کیں۔ محمد سراج نے تین اوورز میں پانچ رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کر لی تھیں۔ ایک اوور میں چار وکٹیں لے کر مخالف ٹیم کو نیست و نابود کردیا انہوں نے چار رنز دے کر پانچ وکٹیں لے کر سری لنکا کو بیک فٹ پر دھکیل دیا ہے ۔ محمد سراج کا قہر یہیں نہیں رکا، وہ اپنا تیسرا اوور کروانے آئے اور کپتان داسن شناکا کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی۔جواب میں ہندوستان کے ایشان کشن (۲۳) اور شبھمن گل (۲۷) نے رسم پوری کی اور چھ اوور ایک گیند پر ۵۱رن بنا کر ہندوستان کی تاریخی جیت درج کی۔ یہ ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں تعاقب کرتے ہوئے ہندوستان کی سب سے بڑی جیت ہے۔ ہندوستان نے سب سے زیادہ آٹھ بار ایشیا کپ کا خطاب جیتا ہے۔ ہندستان کی یہ جیت اگلے ماہ شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں ہندستانی کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کرنے کے لیے سنجیونی ثابت ہوگی۔کرکٹ شائقین کی جانب سے دیئے گئے میاں میجک کے نام سے پکارے جانے والے محمد سراج کی کرشمائی کارکردگی کے باعث آر پریم داسا اسٹیڈیم کی پچ سری لنکا کی بیٹنگ کا قبرستان بن گئی۔ ہلکی بارش کی وجہ سے تقریباً ۴۰منٹ کی تاخیر سے شروع ہونے والے میچ میں سراج نے اپنے دوسرے اوور میں ایک کے بعد ایک چار وکٹیں (پتھم نسانکا، سدیرا سمراوکرما، چارتھ اسالنکا، دھننجے ڈی سلوا) لے کر اپنے کیریئر کی بہترین کارکردگی کی بدولت سری لنکا کو مشکل وقت کے دلدل میں دھکیل دیا اس دلدل میں پھنسے سری لنکا کی مشکلات سے دوچار پچاس رن پر سمٹ گئی۔ یہ ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کا تیسرا کم ترین اسکور ہے جبکہ ایشیا کپ کی تاریخ میں یہ کسی بھی ٹیم کے طرف سے بنایا گیا کم ترین اسکور ہے۔سری لنکا کی جانب سے کوسل مینڈس نے سب سے زیادہ ۱۷ رن بنائے جب کہ مہیش تھیجنا کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے دوسن ہیمنتا ۱۳رن بناکر ناٹ آوٹ لوٹے۔ سراج کو جسپریت بمراہ (23رن پر ایک وکٹ) اور دوسرے سرے پر ہاردک پانڈیا کا مکمل تعاون ملا۔ اپنے پہلے ہی اوور میں بمراہ نے کوسل پریرا کو صفر پر آؤٹ کر کے میزبان ٹیم پر دباؤ ڈالا، جب کہ بعد میں ڈنتھ ویللاگے (۱۳)، پرمود مدوشن (ایک) اور میتھیسا پاتھیرانا (صفر) کے سستے میں آؤٹ ہوجانے سے ٹیم انڈیا کو آٹھواں ایشیا کپ جیتنے کا جشن منانے کا موقع ملا۔سری لنکا کے آٹھ بلے باز اپنے انفرادی اسکور کو دوہرے ہندسے تک نہ لے جا سکے جن میں سے پانچ اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر