نئی دہلی : ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے 2000 روپے کے نوٹوں کو تبدیل کرنے اور جمع کرنے کی آخری تاریخ بڑھا دی ہے۔ مرکزی بینک نے ہفتے کے روز کہا کہ اب 2000 روپے کے نوٹ 7 اکتوبر یعنی اگلے ہفتہ تک تبدیل کئے جائیں گے۔ 2000 روپے کے نوٹ کو واپس لینے کا عمل ختم ہونے کے بعد اس کے جائزے کی بنیاد پر تاریخ کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے یہ ڈیڈ لائن 30 ستمبر 2023 تھی۔
یکم ستمبر تک کے اعداد و شمار کے مطابق چلن سے ہٹائے گئے 2000 روپے مالیت کے کل 93 فیصد نوٹ بینکوں میں واپس آگئے ہیں۔ ریزرو بینک آف انڈیا نے 19 مئی 2023 کو 2000 روپے کے نوٹ کو چلن سے واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔ آر بی آئی نے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ 30 ستمبر 2023 تک بینکوں میں 2000 ہزار روپے کے نوٹ جمع کرائیں یا انہیں دیگر مالیت کے نوٹوں کے ساتھ تبدیل کرلیں۔جب آر بی آئی نے مئی میں ان نوٹوں کو چلن سے ہٹانے کا اعلان کیا تھا، تب 3.62 لاکھ کروڑ روپے کے 2000 روپے کے نوٹ چلن میں تھے۔ یکم ستمبر تک 3.32 لاکھ کروڑ روپے بینکنگ سسٹم میں واپس آچکے تھے۔ زیادہ تر لوگوں نے رقم بدلنے کی بجائے بینک میں جمع کرادی تھی۔
بینک میں روزانہ صرف بیس ہزار روپے تک کے ہی دو ہزار والے نوٹ جمع کئے جاسکتے تھے۔ اس کا مطلب ہے کہ ہر شخص ہر روز 2000 روپے کے صرف 10 نوٹ جمع کرا سکتا تھا۔ اس کے باوجود بینکوں میں 2000 روپے کے نوٹوں کو تبدیل کرنے یا جمع کرنے کیلئے کوئی خاص بھیڑ دیکھنے کو نہیں ملی تھی۔
0 Comments