Latest News

فلسطین کے حالات پر سعودی عرب، ایران اور ترکی ہوئےسخت، سعودی ولی عہد نے کہا مشرق وسطیٰ سمیت دنیا کا امن تباہ ہو سکتا ہے، فلسطینیوں کے خون کا ہر قطرہ اسرائیل کا زوال: ایرانی صدر، رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ اور میڈیا کو سخت تنقید کا نشانہ.

ریاض: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ کشیدگی کے باعث مشرق وسطیٰ سمیت دنیا کا امن تباہ ہو سکتا ہے۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جاپان کے وزیر اعظم سے ٹیلی فونک رابطے میں کہا کہ خطے کے امن اور سلامتی کے لیے فوجی کارروائیوں کو روکنا ہو گا۔ دونوں رہنماؤں نے فلسطین میں فوجی کارروائی روکنے اور کشیدگی کم کرنے کی تمام کوششوں کو بروکار لانے پر بھی اتفاق کیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب غزہ میں شہریوں کو نشانہ بنانے کو گھناؤنا جرم سمجھتا ہے اور اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ حملے کیے جا رہے ہیں۔ غزہ کے مکینوں کو تحفظ فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے۔
سعودی ولی عہد کا یونانی وزیر اعظم سے بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان فلسطین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے امن اور سلامتی کی کوششوں کو تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ اس موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ کشیدگی کے باعث مشرق وسطیٰ سمیت دنیا کا امن تباہ ہوسکتا ہے۔ اسرائیلی کارروائیوں کو روک کر امن کو بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب 2 ریاستی منصوبے پر فوری عمل کا مطالبہ کرتا ہے اور فلسطین کو آزاد ریاست بنا کر حقوق فراہم کیے جائیں۔

فلسطینیوں کے خون کا ہر قطرہ اسرائیل کو زوال کے قریب لے جا رہا ہے : ایرانی صدر۔
 ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے غزہ کے ہسپتال پر حملوں کے جواب میں اسرائیل کو اسلامی دنیا کی طرف سے سخت انتقام سے خبردار کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وسطی تہران میں ہزاروں افراد کے مظاہرے کے دوران خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نے مزید کہا ہے کہ ہسپتال پر حملے کے ساتھ ہی صیہونی حکومت کا خاتمہ شروع ہو گیا ہے۔ فلسطینیوں کے خون کا ہر قطرہ صیہونی حکومت کو اپنے زوال کے ایک قدم اور قریب لے جا رہا ہے۔
ابراہیم رئیسی نے مزید کہا کہ امریکا اسرائیل کے جرائم میں اس کا ساتھی ہے، دنیا کے لوگ امریکا کو صیہونی حکومت کے جرائم کا ساتھی سمجھتے ہیں اور اس بات کا ثبوت یہ بھی ہے کہ حالیہ حملے ہوتے ہی امریکی امداد اسرائیل کی جانب روانہ کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ دو دنوں میں اسرائیل نے غزہ کے الاہلی عرب ہسپتال سمیت کئی ہسپتالوں کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوئے ہیں ،جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ۔

ادھر، ترک صدر رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ اور میڈیا کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اپنی ذمہ داری نبھانےمیں ناکام رہی ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل غیر مؤثر ہو چکی ہے۔
ترک صدر نے سلامتی کونسل میں قرارداد منظور کرنے میں ناکامی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کونسل نے ایک بار پھر اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک نے آگ پر ایندھن ڈالنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے تنازعہ کی متعصبانہ میڈیا کوریج پر بھی سخت تنقید کی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر