نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو فلسطینی صدر محمود عباس سے بات چیت کی اور غزہ کے الاہلی اسپتال میں شہریوں کی موت پر دکھ کا اظہار کیا۔ اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری لڑائی کے درمیان وزیراعظم مودی نے یقین دلایا کہ ہندوستان فلسطین کے لوگوں کو انسانی امداد بھیجے گا۔
اس کے سلسلہ میں وزیراعظم مودی نے کہا کہ انہوں نے اسرائیل – فلسطین مسئلہ پر ہندوستان کے دیرینہ اصولوں کو دہرایا ہے۔
وزیراعظم مودی نے ٹویٹ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ’’فلسطینی صدر محمود عباس سے بات کی۔ غزہ کے الاہلی اسپتال میں شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا۔ ہم فلسطینی عوام کے لئے انسانی امداد بھیجنا جاری رکھیں گے۔ خطے میں تشدد، بگڑتی ہوئی سیکورٹی کی صورتحال اور دہشت گردی پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اسرائیل ۔ فلسطین مسئلہ پر ہندوستان کے دیرینہ اصولی موقف کا اعادہ کیا۔بل ازیں حماس کے زیر انتظام غزہ کی وزارت صحت نے کہا تھا کہ 17 اکتوبر کی رات کو الاہلی العربی، جسے بیپٹسٹ اسپتال بھی کہا جاتا ہے، پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 500 افراد کی موت ہوگئی ۔ تاہم اسرائیلی دفاعی فورسز نے کہا تھا کہ اسپتال میں ہوئے دھماکے کے پیچھے اس کا ہاتھ نہیں تھا۔ اسپتال میں دھماکہ غزہ کے دہشت گردوں کی جانب سے داغے گئے راکٹ کی وجہ سے ہوا۔
فلسطینیوں اور بیشتر عرب دنیا نے اسپتال میں ہوئے دھماکے کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہرایا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اسرائیل نے طبی مرکز پر حملہ کیا اور سینکڑوں لوگ مارے گئے۔ اردن، ترکی، مصر، سعودی عرب اور دیگر نے اس حوالے سے یروشلم کی مذمت کی تھی۔
0 Comments