Latest News

ملک کی آزادی کےخاطر ’ریشمی رومال‘ جیسی تحریکیں مدارس سے ہی شروع ہوئیں، مدارس کو نوٹس دیئے جانے پر جمعیۃ علماء مظفرنگر کے وفد نے ڈی ایم سے ملاقات کرکے کیا اعتراض، نوٹس واپس لینے کی مانگ۔

مظفر نگر: سمیر چودھری/عزیز الرحمن خان۔
جمعیۃ علماءہند کے ریاستی سکریٹری قاری ذاکر حسین قاسمی اور ضلع صدر مفتی بنےامین کی قیادت میں جمعیة علماءضلع مظفر نگرکے ایک وفد نے ضلع مجسٹریٹ سے ملاقات کی اور مدارس کی جانچ کے لئے جاری نوٹس پر اعتراض کرتے ہوئے ایک میمورنڈم سونپا۔ 

میمورنڈم دینے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے قاری ذاکر حسین قاسمی نے کہا کہ محکمہ تعلیم نے ضلع کے غیر سرکاری امداد یافتہ مدارس کو غلط طور پر نوٹس دیئے ہیں۔ مفت اور لازمی چائلڈ ایجوکیشن ایکٹ 2009، جس کے تحت یہ نوٹس دیے گئے ہیں، 2012 میں ترمیم کی گئی ہے اور ترمیم شدہ ایکٹ کے سیکشن 2(5) میں واضح طور پر ذکر کیا گیا ہے کہ یہ ایکٹ مدارس، ویدک اسکولوں اور مذہبی اداروں پر لاگو نہیں ہوتا۔ ہم نے میمورنڈم کے ساتھ اس سے متعلق 'گزٹ' اور بچوں کی مفت اور لازمی تعلیم ایکٹ 2001 کی ایک کاپی منسلک کی ہے اور اسے ضلع مجسٹریٹ کے حوالے کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور متعلقہ حکام کو حکم دیں کہ محکمہ تعلیم نوٹس واپس لے۔قاری ذاکر حسین قاسمی نے کہا کہ ملک میں مدارس ملک کی آزادی سے پہلے بھی قائم تھے۔ ان مدارس کے اساتذہ اور طلبہ نے ملک کی آزادی میں اہم کردار ہے۔مدارس سے ہی آزادی کے لیے ریشمی رومال جیسی تحریکیں شروع ہوئیں، اس کے علاوہ انگریزوں ہندوستان چھوڑو تحریک، سالٹ مارچ وغیرہ میں انگریزوں کے خلاف جنگ لڑی اور ملک کو آزاد کرانے میں لاکھوں مدارس کے طلباءاور اساتذہ نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ۔انہوں کہا کہ ملک کی آزادی کے بعد مولانا ابوالکلام آزاد (جو مدرسہ سے تعلیم یافتہ تھے) نے ہندوستان کے پہلے وزیر تعلیم بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ مولانا آزاد نے تعلیمی پالیسی کی رہنمائی کی اور تعلیم کے میدان میں ایسے کئی کام کیے جنہیں ملک کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔ آئی آئی ٹی کھڑگپور، جامعہ ملیہ جیسے ادارے ملک کے لیے ان کی شراکت ہیں۔ پورا ملک مولانا آزادی کے یوم پیدائش کو ”قومی تعلیمی دن“ کے طور پر مناتا ہے۔ مدارس نے مولانا آزاد جیسے بہت سے لوگ پیدا کیے ہیں۔ اس لیے مدارس کی اہمیت کو پورے ملک کے شہریوں کو سمجھنا ہوگا۔ مدارس ملک کی خدمت اور وطن سے محبت کا سبق پڑھاتے ہیں اور دیتے رہیں گے اور یہ مدارس امن و سلامتی اور بھائی چارے کے گہوارے و حب الوطنی کے مراکزہیں۔ 

اس موقع پر ضلع صدر مفتی بنیامین، ضلع نائب صدر مولانا معاذ حسن، خزانچی مولانا عقیل، شہر صدر حافظ محمد اکرام، حاجی وسیم، قاری عبدالمجید، مولانا ارشد میراپور، مولانا موسیٰ قاسمی، مولانا احسان الحق قاسمی، مفتی عادل، قاری جعفر، عبدالمجید، مفتی اقبال مولانا ارشد نصیرپور، مولانا گلزار، قاری صادق، حافظ اکرم، مولانا احسن، ڈاکٹر اخلاق، حافظ ایوب تیاگی، مولانا آس محمد وغیرہ موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر