نئی دہلی: ’ایک ملک، ایک انتخاب‘ کے حوالے سے ملک بھر کے سیاسی حلقوں اور عوام الناس کی میٹنگوں میں زوردار بحث جاری ہے۔ ان بحثوں کے درمیان لا کمیشن کے چیئرپرسن جسٹس ریتو راج اوستھی نے کہا ہے کہ ایک ملک میں ایک الیکشن کرانے سے پہلے حکومت کو آئین میں کچھ اہم ترامیم کرنا ہوں گی۔
ریتو راج اوستھی کرناٹک ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ہیں اور 22ویں لا کمیشن کے چیئرمین بھی ہیں۔ حکومت نے لا کمیشن کو ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ حکومت کو ایک ایسے عمل سے آگاہ کرے جس کے ذریعے ملک میں ہونے والے انتخابات کو بیک وقت کرایا جا سکے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، رتوراج اوستھی نے ایک ملک ایک انتخاب کے لئے ٹائم لائن بتانے سے انکار کر دیا۔خیال رہے کہ مرکز کی مودی حکومت نے ایک ملک، ایک انتخاب کے امکانات کے لیے سابق صدر رام ناتھ کووند کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یہ کمیٹی ملک میں انتخابات کے امکانات کے علاوہ اس کے نفاذ پر بھی کام کر رہی ہے۔ اس کمیٹی کے قیام کے بعد سے پورے ملک میں اس کی تبدیلیوں اور سیاست، آئین اور پورے ملک کے وفاقی ڈھانچے پر اثرات کے حوالے سے بحث شروع ہو گئی ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے لا کمیشن کے چیئرمین ریتو راج نے کہاکہ ابھی یہ نہیں کہا جا سکتا کہ ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات کب ہوں گے۔ اس کیلئے کوئی ٹائم لائن نہیں دی جا سکتی اور نہ ہی اس ٹائم لائن کا فیصلہ کرنا ممکن ہے۔ ہم اس کے قانونی امکانات کو تلاش کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
0 Comments