Latest News

طیب اردوان کا اسرائیل کے جنگی جرائم کوبین الاقوامی عدالت لے جانے کا اعلان، روسی صدر بولے، پتھر دل لوگ ہی غزہ کی تباہی پر خاموش رہ سکتے ہیں۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اعلان کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ میں اسرائیل کے جنگی جرائم کوبین الاقوامی جرائم کی عدالت میں لے کر جائیں گے۔
قزاقستان سے واپسی کے دوران رجب طیب اردوان نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ترکیہ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کیلئے لکیرکھینچ دی ہے، ان سے اب کوئی بات نہیں ہوسکتی، نیتن یاہو ناقابل بھروسہ ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ غزہ میں اسرائیل کے جنگی جرائم کوبین الاقوامی جرائم کی عدالت میں لے کر جائیں گے۔ ان کا کہنا تھاکہ نیتن یاہو جوکچھ کررہےہیں اس کی بائبل، توریت اورنہ ہی زبور اجازت دیتی ہے، نیتن یاہو اسرائیلی عوام کی حمایت کھوچکےہیں، وہ مذہب کا استعمال کرکے قتل عام کی حمایت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ ترکیہ ایسے تمام فارمولوں کی حمایت کرے گا جو خطے میں امن وسکون لائے، ترکیہ ایسے منصوبوں کا حامی نہیں ہوگا جو فلسطینیوں کی زندگیوں کو تاریک اور انہیں تاریخ کے اوراق سے مٹا دیں۔ ترک صدر کا کہنا تھاکہ مغرب غزہ میں قتل عام پر اپنے رویے کے باعث اپنے عوام کے سامنے شرمندگی تلے دب چکا ہے، کچھ آزادی کے دعویدار ممالک نے فلسطینی پرچم پر پابندی تک لگانے کی کوشش کی، دنیا کو اب فلسطینی بچوں کی چیخیں سننی پڑ رہی ہیں۔
ادھر، روس کے صدر ولادمیر پیوتن نے فلسطین میں جاری اسرائیلی سفاکیت پر ایک بار پھر آواز اٹھاتے ہوئے کہا کہ صرف پتھر دل لوگ ہی غزہ کی تباہی پر خاموش رہ سکتے ہیں۔
ماسکو میں ایک اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے روسی صدر کا کہنا تھا اگر فلسطین میں جاری بمباری فوری طور پر نہ روکی گئی تو موجودہ صورت حال اشتعال انگیزی کو بڑھا سکتی ہے۔
ولادمیر پیوتن کا کہنا تھا جو کچھ غزہ میں ہو رہا ہے اس پر چنگاری لگانا تو بہت آسان ہے لیکن جب آپ وہاں خون آلود بچوں کی تصاویر دیکھتے ہیں تو آپ کے رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں اور آنکھوں میں آنسو آ جاتے ہیں، اگر کسی کو ان واقعات پر ایسا احساس نہیں ہوتا تو اس کے سینے میں دل نہیں پتھر ہے۔

خیال رہے کہ مغربی طاقتوں کی ایما پر اسرائیل کی غزہ پر مسلسل بمباری جاری ہے، صیہونی فوج غزہ میں بلاتفریق بمباری کر رہی ہے اور اسپتال ، اسکول، مسجد، پناہ گزین کیمپ، ایمبولینس اور حتیٰ کہ قبرستان بھی محفوظ نہیں۔
اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 9 ہزار 300 سے زیادہ ہوگئی ہے، زخمیوں کی تعداد 25 ہزار سے زائد ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر