نئی دہلی: حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ جانے والے عازمین حج کا آج یہاں کمپوٹرائز طریقے سے قرعہ اندازی کے زریعہ انتخاب کیا گیا۔ واضح رہے امسال 70 سال اور اُس سے زیادہ عمر کی 6370 عازمین اور بغیر محرم والی خواتین عازمین کی 5162 درخواستیں موصول ہوئیں۔ یہ تعداد گزشتہ سالوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہیں۔ ان دونوں کیٹگری کی تمام درخواستوں کو بغیر قرعہ اندازی کے حج کے لیے منتخب کرلیا گیا۔
حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر لیاقت علی آفاقی آئی آر ایس، نے بتایا کہ حج 2024 کے لیے بغیر محرم خواتین عازمین کی سب سے زیادہ 3584 درخواستیں کیرالا سے موصول ہوئیں ہیں۔ جبکہ تامل ناڈو سے 378، کرناٹک سے 249، مہاراشٹرا سے 166، اترپردیش سے141، تلگانہ سے 130، جموں کشمیر سے 82، مدھیہ پردیش سے 72، گجرات سے 64، دہلی سے 50، آندھرا پردیش سے 44، مغربی بنگال سے 40، راجستھان سے 33، بہار سے 30،آسام سے 29، پانڈیچری سے 19،چھتیس گڑھ سے 14، اترا کھنڈ سے 10، جھارکھنڈ سے 9، گوا اور اُڑیسہ سے 5- 5، لداخ سے 3، لکھشدیپ سے 2، ہریانہ، ہماچل پردیش اور پنجاب سے ایک ایک درخواستیں موصول ہوئیں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 70 سال یا اس سے زیادہ عمر کے عازمین کی سب سے زیادہ 1306 درخواستیں مہاراشٹرا سے موصول ہوئیں ہیں۔ جبکہ کیرالا سے 1250، اترپردیش سے 586، جموں و کشمیر سے 530 و دیگر صوبوں سے درخواستیں موصول ہوئیں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جن ریاستوں سے 500 سے کم درخواستیں آئیں وہاں بھی تمام درخوستوں کو منظوری مل گئی ہے۔ چھتیس گڑھ، دہلی، گجرات، ہریانہ، کرناٹک، کیرالا، تامل ناڈو، تلگانہ، مدھیہ پردیش ، منی پور اور اتراکھنڈ میں قرعہ اندازی کے زریعہ عازمین کا انتخاب کیا گیا۔
جس کی لسٹ حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائڈ پر دستیاب ہے۔ اتردیش، راجستھان، جموں کشمیر، جھارکھنڈ ، اڑیسیہ ، بہار، آسام اور آندھرا پردیش کی تمام درخواستوں کو بغیر قرعہ کے منتخب کر لیا ہے چونکہ ان ریاستوں میں کوٹے کے اندر درخواستیں موصول ہوئیں ہیں۔
واضح رہے کہ امسال ان تمام حُجاج کی مدد و راہنمائی کے لیے 466 خادم الحجاج سعودی عرب میں بھیجے جائیں گے۔
قرعہ اندازی کے موقع پر سی پی ایس بخشی، جوائنٹ سیکرٹری (حج)، لیاقت علی آفاقی، چیف ایگزیکٹو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا، نمائندہ این، آئی، سی سمیت دیگر اعلیٰ آفسران موجود تھے۔
واضح رہے حج کمیٹی آف انڈیا کا 140020 مقرر ہے۔ جبکہ حج درخواستیں 1,74,000سے بھی وصول ہوئیں ہیں۔
حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر لیاقت علی آفاقی، آئی آر، ایس نے قرعہ اندازی میں منتخب تمام خوش نصیب عازمین حج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ آج ہی سے آپ ذہنی طور پر اپنے کو اس مقدس سفر کے لیے تیار کرلیں اور سطح پر منعقد ہونے والے حج تربیتی پروگرام میں ضرور شرکت کریں۔ تاکہ دورانِ حج تمام دشواریوں سے محفوظ رہیں۔ انہوں نے قرعہ میں منتخب شُدہ عازمین سے درخواست کی ہے کہ وہ پیشگی زرمبادلہ کی رقم اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ سے حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں فوری طور پر جمع کرادیں ۔
مزید تفصیلات مرکزی اور متعلقہ ریاستی حج کمیٹی کے دفاتر یا اُن کی ویب سائڈ سے حاصل کرسکتے ہیں۔ ویٹ لسٹ میں آنے والے عازمین بھی حج کی تیاری میں مصروف رہیں اور حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائڈ دیکھتے رہیں۔ ہمیں امید ہے کہ اُنھیں بھی حج کی سعادت نصیب ہوگی۔
ادھر، دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق حج 2024 کے لیے عازمین کا انتخاب ڈیجیٹل رینڈم سلیکشن کے ذریعے کر لیا گیا ہے۔ پورے ہندوستان سے اس مرتبہ حج کمیٹی اف انڈیا کے تحت 1 لاکھ 39 ہزار 54 عازمین کا انتخاب ہواہے۔ اس میں ریاست دہلی سے 3022 عازمین حج منتخب کیے گئے ہیں۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے حج 2024 کے مقدس سفر کے لیے منتخب ہونے والے تمام خوش نصیب عازمین حج کو نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے اس عزم کو دہرایا کہ دہلی حج کمیٹی 2024 کے حج کے لیے دہلی سے حج بیت اللہ کے لیے روانہ ہونے والے تقریبا 22000 عازمین حج کو پچھلے سالوں کی طرح تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس کے لیے انھوں نے دہلی حکومت اور دہلی میونسپل کارپوریشن کے مختلف متعلقہ محکموں سے رابطہ قائم کر رکھا ہے۔
واضح رہے کہ ہندوستان بھر میں مجموعی طور پر 20 حج امبارکیشن پوائنٹس ہیں جہاں سے حج کے لیے عازمین کی روانگی ہوتی ہے۔ ان میں دہلی سب سے بڑا امبارکیشن پوائنٹ ہے جہاں سے اس بار سب سے زیادہ تقریباً 22000 عازمین حج مقدس حج بیت اللہ کے لیے پرواز کریں گے اور دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی ان تمام عازمین حج کے لیے تمام قسم کی مقامی سہولیات فراہم کرے گی۔
(یو این آئی)
0 Comments