سرینگر: جموں و کشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ عمرہ کے لیے تشریف لے گئے ہیں جہاں سے انہوں نے سوشل میڈیا پر کعبۃ اللہ کے ساتھ اپنی تصویریں شیئر کی ہیں۔ گزشتہ کل (24 جنوری) جب وہ عمرہ کے لیے روانہ ہوئے تھے تو اس وقت بھی انہوں نے ہوائی جہاز میں بیٹھے ہوئے تصویر شیئر کی تھی۔ اب جو تصویریں سامنے آئی ہیں ان میں وہ کعبہ کو چھوتے ہوئے اور سر منڈائے ہوئے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔ عمرہ پر روانہ ہونے کے بعد شیئر کی گئی تصویر کے ساتھ عمر عبداللہ نے لکھا تھاکہ اے اللہ ہم عمرہ کا ارادہ رکھتے ہیں، اسے ہمارے لیے آسان فرما اور قبول فرما۔ اس تصویر میں عمر عبداللہ اور ان کے والد فاروق عبداللہ احرام پہنے ہوائی جہاز میں بیٹھے نظر آئے تھے۔
فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ نے یہ عمرہ عام انتخابات سے عین قبل ایسے وقت میں کیا ہے جب محض 2 روز قبل ہی ایودھیا میں پران پرتشٹھا کے حوالے سے مذہب کی بنیاد پر پورے ملک کو پولرائز کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ امید کی جا رہی ہے کہ دونوں ہی سابق وزرائے اعلیٰ نے ہندوستان میں امن و امان کے لیے بھی دعاء کی ہوگی۔
فاروق عبد اللہ اور عمر عبداللہ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصویروں میں احرام باندھے ہوئے کعبۃ اللہ چھوتے اور اس کے سامنے کھڑے نظر آ رہے ہیں۔ تصویر میں انہیں سر منڈائے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ جموں و کشمیر کے دونوں سابق وزرائے اعلیٰ نے اس موقع پر اللہ سے عمرہ کی قبولیت کی دعائیں بھی مانگیں۔
0 Comments