نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی 13 سے 14 فروری تک یو اے ای کا دورہ کریں گے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 2015 کے بعد سے پی ایم مودی کا یو اے ای کا یہ ساتواں دورہ ہوگا۔ وہ گزشتہ آٹھ ماہ میں تین بار متحدہ عرب امارات کا دورہ کر چکے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی منگل سے دو دن کے لئے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا دورہ کریں گے، جس کے دوران وہ صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے مختلف موضوعات پر بات چیت کریں گے اور ابوظہبی میں پہلے ہندو مندر کا افتتاح کریں گے۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم مودی متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور وزیر دفاع شیخ محمد بن راشد المکتوم سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق ان کی دعوت پر وزیر اعظم دبئی میں منعقد ہونے والی ورلڈ گورنمنٹ سمٹ 2024 میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کریں گے اور سمٹ میں خصوصی خطاب کریں گے۔وزارت نے بیان میں بتایا کہ وزیراعظم مودی ابوظہبی میں پہلے ہندو مندر بی اے پی ایس مندر کا افتتاح بھی کریں گے۔ نیز وہ زید اسپورٹس سٹی میں ایک تقریب میں متحدہ عرب امارات میں ہندوستانی کمیونٹی کے لوگوں سے بھی خطاب کریں گے۔
وزیر اعظم کے یو اے ای کے دورے کی تفصیلات بتانے کے بعد سکریٹری خارجہ ونے کواترا نے کہا کہ یہاں سے وہ قطر کے دارالحکومت دوحہ بھی جائیں گے۔ وزیر اعظم کے دورہ قطر کا اعلان وہاں کی جیل میں بند آٹھ ہندوستانی قیدیوں کی رہائی کے اعلان کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا ہے۔ رہا ہونے والے آٹھ ہندوستانی قیدیوں میں سے سات پیر کی صبح ہندوستان واپس آگئے۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ کے بیان میں امیر قطر کے ہندوستانی قیدیوں کی رہائی کے فیصلے کی تعریف کی گئی ہے۔ قطر کی جیل میں بند بھارتی بحریہ کے سابق ملازمین پر مبینہ طور پر جاسوسی کا الزام تھا۔
سمیر چودھری۔
0 Comments