Latest News

منوہر لال کھٹر نے دیا استعفیٰ، ہریانہ میں نئے وزیر اعلیٰ نائب سینی کی حلف برداری، پانچ وزراء نے بھی عہدہ اوررازداری کا حلف اٹھایا۔

چنڈی گڑھ: ہریانہ میں آج نئے وزیر اعلیٰ نائب سینی کے ساتھ ساتھ پانچ وزراء نے بھی حلف برداری کر لی۔ انھیں گورنر بنڈارو دتاترے نے عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لینے کے بعد نائب سینی نے سابق وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر کا پیر چھو کر ان کا آشیرواد لیا۔نائب سینی کے بعد کنور پال گوجر نے وزارتی عہدہ کا حلف لیا۔ کنور پال منوہر لال کھٹر حکومت میں بھی وزیر تھے۔ اس کابینہ کا تیسرا چہرہ مول چند شرما ہیں، وہ بھی کھٹر کابینہ کا حصہ تھے اور ٹرانسپورٹیشن کی وزارت سنبھال رہے تھے۔ ان کے علاوہ رنجیت سنگھ نے بھی وزارتی عہدہ کا حلف لیا۔ رنیا سیٹ سے آزادانہ طور پر رکن اسمبلی منتخب ہونے والے رنجیت سنگھ بھی کھٹر کابینہ کا حصہ تھے اور وہ ریاستی حکومت کا جاٹ چہرہ تصور کیے جا رہے ہیں۔ کھٹر کابینہ میں شامل رہے جئے پرکاش دلال کو بھی سینی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں گزشتہ ہریانہ حکومت میں وزیر رہے ڈاکٹر بنواری لال کو بھی سینی کابینہ میں وزارتی عہدہ حاصل ہوا ہے۔

اس سے پہلے جے جے پی سے اتحاد ٹوٹنے کے بعد ہریانہ کے وزیراعلی منوہر لال کھٹر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ یہ فیصلہ چندی گڑھ میں وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر ایک میٹنگ کے بعد کیا گیا۔ اب بی جے پی ہریانہ میں آزاد اراکین اسمبلی کے ساتھ اپنے بل بوتے پر حکومت بنائی۔
وزیراعلی نے اپنی رہائش گاہ پر میٹنگ کے بعد راج بھون جاکرگورنر سے ملاقات کی اور پھر وزیر اعلی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ ان کے ساتھ پوری کابینہ نے بھی اپنا استعفیٰ گورنر کو سونپ دیا تھا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر