Latest News

نہیں رہے يوپی کے قد آور سیاسی لیڈر مختار انصاری، جیل میں انتقال، مختار انصاری کی موت کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر باندہ، غازی پور اور مؤ میں سیکورٹی سخت۔

باندہ : باندہ جیل میں نظر بند یوپی کے قد آور سیاسی لیڈر مختار انصاری کا جمعرات کی رات دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا۔ رانی درگاوتی میڈیکل کالج کے ذرائع نے بتایا کہ انصاری کو آج رات تقریباً 8.30 بجے نازک حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔ علاج کے دوران ان کی طبیعت بگڑ گئی اور دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا۔ مختار انصاری کی موت کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر باندہ، غازی پور اور مؤ میں سیکورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
میڈیکل کالج اسپتال نے ایک میڈیکل بلیٹن میں مختار کی موت کی تصدیق کی ہے۔ جس کے مطابق 63 سالہ مختار کو قے کی شکایت پر رات 8 بجکر 25 منٹ پر بے ہوشی کی حالت میں لایا گیا۔ آٹھ ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا علاج شروع کیا لیکن ان کی پوری کوشش کے باوجود مریض دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا۔
جیل ذرائع کے مطابق جمعرات کی شام مختار کی طبیعت بگڑ گئی۔ فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو اطلاع دی گئی۔ اطلاع ملتے ہی ضلع مجسٹریٹ درگا شکتی ناگپال اور پولیس سپرنٹنڈنٹ انکور اگروال سمیت پوری انتظامیہ ایک ٹیم کے ساتھ جیل پہنچ گئی اور مناسب سیکورٹی کے ساتھ انہیں فوری طور پر میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا۔
میڈیکل کالج ذرائع کے مطابق انصاری کو آئی سی یو میں داخل کرایا گیا تھا جہاں سے انہیں سی سی یو منتقل کیا گیا تھا۔ میڈیکل کالج میں ضلع مجسٹریٹ اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سمیت تمام انتظامی افسران موجود ہیں۔ اس کے علاوہ ضلع کی بھاری پولیس فورس میڈیکل کالج کیمپس پہنچ گئی۔ اس سے پہلے منگل کو مختار کو پیٹ سے متعلق مسائل کی وجہ سے ڈسٹرکٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں آرام ملنے کے بعد انہیں جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔

مختار انصاری کی موت کے بعد اتر پردیش میں پولیس کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔ مئو، باندہ اور غازی پور میں تو دفعہ 144 نافذ کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں باندہ میڈیکل کالج کو چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی طرح سیکورٹی کا مسئلہ پیدا نہ ہو۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر