نئی دہلی: طویل انتظار کے بعد یو پی ایس سی۔ سی ایس ای سول سروسز امتحان 2023 کا نتیجہ جاری کر دیا گیا ہے۔اس امتحان میں کل 1016 امیدواروں کو منتخب کیا گیا ہے۔ ان سبھی کو آئی اے ایس، آئی پی ایس، آئی ایف ایس، گروپ اے اور گروپ بی خدمات میں سرکاری ملازمتوں کی پیشکش کی جائے گی۔ یو پی ایس سی کے ٹاپ 10 ٹاپرز کی فہرست میں، دو مسلم امیدوار وں نے جگہ حاصل کی ہے۔
حتمی فہرست میں جگہ بنانے والے کل 1016 امیدواروں میں سے کم از کم 51 امیدواروں کا تعلق مسلم کمیونٹی سے ہے۔ ٹاپ تین رینک آدتیہ شریواستو، انیمیش پردھان اور ڈونورو اننیا ریڈی نے حاصل کیے ہیں۔
یو پی ایس سی۔سی ایس ای کا کامیاب امیدوار بننے کا سفر ابتدائی امتحان سے شروع ہوتا ہے۔ 28 مئی 2023 کو منعقد ہونے والا، ابتدائی امتحان اسکریننگ ٹیسٹ کے طور پر کام کرتا ہے، جس سے امیدواروں کو انتخابی عمل کے بعد کے مراحل میں شامل ہونے کے لئے اہل قرار دیتاہے۔ ابتدائی امتحان کے نتائج کا اعلان 12 جون کو کیا گیا، جس سے اہل امیدواروں کے لیے آگے بڑھنے کی راہ ہموار ہوئی۔مرکزی امتحان یو پی ایس سی۔سی ایس ای کے دوسرے مرحلےکے تحت 15 سے 24 ستمبر تک امتحانات منعقد کیے گئے۔ یہ مرحلہ ایک جامع تحریری امتحان پر مشتمل ہے جس کے ذریعہ امیدواروں کے علم اور مختلف مضامین کی سمجھ کی جانچ کی جاتی ہے۔مرکزی امتحان کے پرچوں کی جانچ کے بعد، نتائج کا اعلان 8 دسمبر کو کیا گیا۔ مرکزی امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے امیدوار آخری مرحلے یعنی انٹرویو کے دور کے لیے اہل ہو گئے۔انٹرویو کے عمل کے بعد، جو 16 فروری کو اختتام پذیر ہوا، یونین پبلک سروس کمیشن نے بالآخر آج سول سروسز امتحان 2023 کے انتہائی منتظر حتمی نتائج کو جاری کر دیا۔اس سال کل 1016 امیدواروں نے حتمی فہرست میں جگہ بنائی ہے۔
0 Comments