Latest News

مدارس میں دینی تعلیم کی پختگی کے ساتھ عصری علوم بھی شامل کئے جائیں، رابطہ مدارس اسلامیہ ہریانہ و ہماچل کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں مولانا علی حسن مظاہری کا خطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
ہریانہ کے جمنا نگر میں واقع معروف دینی ادارہ دارالعلوم امدادیہ میں مولانا علی حسن مظاہری صدر رابطہ مدارس شمالی ہریانہ و ہماچل کی صدارت میں دونوں صوبوں کی عاملہ کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں دونوں صوبوں کے ارکان عاملہ و مدعوئین خصوصی نے شرکت کی، ایجنڈہ کی دفعات کی روشنی میں پوری مجلس کی کارروائی رابطہ کے جنرل سکریٹری مولانا عبداللہ خالد قاسمی خیرآبادی نے چلائی ،شعبان میں منعقد ہوئے تمام مربوط مدارس کے اجتماعی امتحانات کی رپورٹ جنرل سکریٹری نے پڑھ کر سنائی اور بتایا کہ اس اجتماعی امتحان میں دونوں صوبوں کے کل ایک ہزار ایک سو پینسٹھ طلبہ نے شرکت کی اور نتائج گذشتہ اجتماعی امتحان سے کافی امید افزا رہے ،عاملہ کی میٹنگ میں یہ تجویز بھی منظور کی گئی کہ ماہ محرم ۶۴۴۱ھ سے دونوں صوبوں کے تمام مربوط مدارس کا سروے کیا جائے اور ان مدارس کی زمینی حقیقت معلوم کرکے مرکزی دفتر دارالعلوم دیوبند کو اس کی اطلاع کی جائے اور ضابطہ کے مطابق جن مدارس نے پانچ سال گزر جانے کے بعد بھی ابھی تک سندِ ارتباط کی تجدید نہیں کرائی ہے ان کی رکنیت ختم کرنے کی دارالعلوم دیوبند سے سفارش کی جائے۔اِس سروے کے لئے باقاعدہ ایک فارم بھی مرتب کیا گیا ہے جس کی روشنی میں مدارس کا سروے عمل میں آئے گا۔اسی طرح اجتماعی امتحان میںتمام سینٹروں پر اول دوم سوم پوزیشن لانے والے طلبہ کے انعامات کی بابت طے ہوا کہ ان کو بطور حوصلہ افزائی انعام اور سرٹیفکٹ دیا جائے۔تمام مربوط مدارس میں تعلیمی مسابقہ جات کرائے جانے کی منظوری بھی دی گئی ۔امسال کے اجتماعی امتحانات کا پورا نظام عمل مرتب کرنے کے لئے دونوں صوبوں کی مجلس تعلیمی کی میٹنگ بھی جلد بلائی جائے گی۔دس دفعات پر مشتمل تجاویز بھی جنرل سکریٹری مولانا عبداللہ خالد قاسمی خیرآبادی نے پڑھ کر سنائی جسے باتفاق رائے تمام ارکان مجلس نے منظوری دی ہے ،ان شاءاللہ جلد ہی تمام مربوط مدارس میں ان کو بھیجا جائے گا اور اس کی تعمیل کی پوری کوشش کی جائے گی۔صدر اجلاس مولانا علی حسن مظاہری نے صدارتی خطاب میں کہا کہ اس وقت مدارس اسلامیہ پر لوگوں کی نگاہیں سخت ہیں اس لئے قانونی طور پر تمام مدارس کو اپنا تحفظ کرنا ہے اور رابطہ مدارس دارالعلوم دیوبند سے مربوط ہوکر رہنا انتہائی ضروری ہے ،اسی طرح دین و ملت کی بقا کی جو اہم ذمہ داری مدارس کے اوپر ہے اسے احساس ذمہ داری کے ساتھ پورا کرنا بھی ضروری ہے ،نیز اس وقت حالات کا تقاضا ہے کہ مدارس اسلامیہ میں دینی تعلیم کی پختگی کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم کو شامل کیا جائے۔ اس دوران مولانا سید احمد عادل، مولانا محمد الیاس پاونٹی،مفتی محمد شرافت،مولانا محمد عارف بوڑیہ،مولانا محمد عارف گڑھی جلالپور،مولانا ظہیر احمد ،مولانا مہتاب عالم،مولانا محمد عالم،مولانا تاج محمد حافظ محمد یامین ،قاری فریاد علی وغیرہ نے اظہار خیال کیااور اپنی آراءپیش کیں۔دارالعلوم امدادیہ گڑھی یمنا نگر کے معاون ناظم حافظ محمد احمد رشید نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر