Latest News

عیدالاضحیٰ اور قربانی سے متعلق جمعیۃ چیف مولانا ارشد مدنی کی مسلمانانِ ہند سے اپیل۔

نئی دہلی: ممتاز مسلم تنظیم جمعیت العلمائے ہند نے آج مسلمانوں سے درخواست کی کہ وہ عیدلاضحی کے موقع پر قربانی کرتے وقت سرکاری رہنمایانہ خطوط کی سختی کے ساتھ پابندی کریں اور ذبیحہ کئے گئے جانوروں کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر نہ کریں۔
عیدالاضحی پیر کے روز منائی جائے گی۔ جمعیت کے صدر مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ اسلام میں قربانی کا کوئی متبادل نہیں ہے اور یہ ہر صاحب ِ استطاعت مسلمان پر واجب ہے۔ مدنی نے کہا کہ یہ بات اہمیت کی حامل ہے کہ مسلمان قربانی کرتے وقت احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں۔ تشہیر بالخصوص ذبیحہ جانوروں کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے گریز کریں۔

انہوں نے مسلمانوں سے خواہش کی کہ وہ قربانی کرتے وقت سرکاری رہنمایانہ خطوط کی سختی کے ساتھ پابندی کریں اور ممنوعہ جانوروں کی قربانی سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی مقام پر شرپسند عناصر بھینس کی قربانی روک دیں تو چند باشعور اور بارسوخ افراد کو انتظامیہ کو اعتماد میں لیتے ہوئے قائل کرنا چاہئے اور پھر قربانی کی جانی چاہئے لیکن اگر اس مذہبی فریضہ کی تکمیل کا کوئی راستہ نہ ہو تو کسی اور قریبی مقام پر قربانی کی جانی چاہئے جہاں کوئی دشواری نہ ہو۔

انہوں نے مسلمانوں کو مشورہ دیا کہ وہ عیدالاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھیں۔ جانوروں کے فضلے کو سڑکوں اور نالوں میں نہیں پھینکا جانا چاہئے بلکہ اس انداز میں دفن کیا جانا چاہئے کہ اس سے بدبو نہ آئے۔ ہر ممکن کوشش کی جانی چاہئے کہ ہماری حرکتوں سے کسی کو تکلیف نہ پہنچے۔ شرپسند عناصر کی اشتعال انگیزی کی صورت میں قریبی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی جانی چاہئے۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر