گزشتہ شب شاہ اسلامک لائبریری مظفرنگر کے تحت محلہ کھالاپار کی مسجدکمہاران میںایک اصلاحی مجلس کا انعقاد کیاگیا۔ جس میں دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث مفتی سید محمد سلمان منصورپوری نے شرکت کی اور اصلاحی خطاب کے دوران لوگوں کو قرآن و حدیث کے مطابق زندگی گزارنے کی تلقین کی۔
مفتی سید محمد سلمان منصورپوری نے کہاکہ مذہب اسلام اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے جو ہمیں عطا کی گئی ہے۔ اسلام ایک مکمل نظام حیات ہے جس کے ذریعہ اللہ تعالی نے زندگی کے ہر موڑ پر ہماری رہنمائی فرمائی ہے۔ انہوں نے کہا سرور دوعالم حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی حیات مبارکہ ہم سب اور پوری انسانیت کیلئے بہترین نمونہ ہے، ہمیں سنت نبوی کے مطابق اپنی زندگی کو ڈھالنا چاہئے، اگر ہم عملی طورپر قرآن و حدیث کو مضبوطی سے تھامیں گیں تو یقینی طورپر اللہ تعالیٰ کی مدد اور نصرت ہمیں حاصل ہوگی۔انہوںنے کہاکہ کامیابی کے لئے چند دینی اعمال کافی نہیں ہیں بلکہ مکمل دین پر عمل پیراہونا ضروری ہے، آپسی اختلاف،لڑائی جھگڑوں اور فاحشات سے اجتناب کی تلقین کرتے ہوئے انہوں نے اخلاق ، نرم مزاجی اور صبر و تحمل اختیار کرنے پرزور دیا۔
آخر میں شاہ اسلامک لائبری کے بانی قاری محمدخالد بشیر قاسمی نے مفتی موصوف کا شکریہ ادکیا۔ مولانا کی دعاءپر مجلس اختتام پذیر ہوئی۔ بعد ازیں شاہ اسلامک لائبریری مظفرنگر کے عہدداران و اراکین کی اہم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں اصلاح معاشرہ کے تعلق سے قاری محمد خالد بشیر قاسمی نے اصلاح معاشرہ کی اہمیت اور ضرورت کو اجاگر کیا اور معاشرہ میں مسلم لڑکیوں کا غیر مسلم لڑکوں کے درمیان اختلاط کے بڑھتے شرمناک واقعات پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے اسکے سد باب کیلئے منظم کوشش کی ضرورت پر زور دیا ۔میٹنگ میں شرکاءنے اس تجویز پر اتفاق کیا کہ اصلاح معاشرہ و اجتناب اختلاط کیلئے شہری و ضلعی سطح پر بیداری تحریک شروع کی جائے گی۔ اس دوران مولانا شاہ ویز ندوی، مولانا محمد شاداب قاسمی، مفتی محمد جنید،حافظ محمد سہیل، حافظ محمد علی، نواب دلشاد الٰہی، حاجی شبلو،حاجی منشاد ممبر،نوشاد قریشی، عبد الستار، حافظ شکیل، عبدالغفاراور محمد اخلدوغیرہ موجودرہے۔
0 Comments