Latest News

حج ۲۰۲۵ کے لئے آن لائن فارم بھرنے کاعمل شروع، حج کمیٹی آف انڈیا نے جاری کی کچھ نئی شرائط۔

نئی دہلی/ دیوبند: سمیر چودھری۔
حج کمیٹی آف انڈیا نے خواہشمند افراد سے حج 2025 کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔ اس حوالے منگل کو باضابطہ طور ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ جس کے مطابق 13 اگست یعنی آج سے آن لائن فارم جمع کئے جاسکتے ہیں۔ جبکہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 9 ستمبر 2024 مقرر کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق خواہشمندوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ آن لائن درخواست فارم داخل کرنے سے پہلے خواہشمند حج کمیٹی کی ویب سائٹ 
www.hajcommittee.gov.in
پر حج 2025 کے لیے دستیاب حج پالیسی اور ضابطہ کا بھی بغور مشاہدہ کریں۔
درخواست دہندگان کے پاس مشین ریڈ ایبل انٹرنیشنل پاسپورٹ ہونا چاہیے جو درخواست کی آخری تاریخ کو یا اس سے پہلے جاری کیا گیا ہو اور اس کی معیاد کم از کم 15 جنوری 2026 تک ہو۔ ادھر حج درخواست فارم صرف حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ
 www.hajcommittee.gov.in 
پر یا گوگل پلے اسٹور پر دستیاب اینڈرائیڈ موبائل ایپ "حج سہولت" کے ذریعے حج ایپ پر آن لائن جمع کیا جا سکتا ہے۔

وزارت اقلیتی امور کی جانب سے جاری حج پالیسی 2025 میں حجاج کرام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے کے لیے پچھلی حج پالیسی کے مقابلے کئی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اس کے تحت ریزرو زمرہ میں سفر حج کے لیے جانے والے عازمین حج کی عمر 70 سال سے گھٹا کر 65 سال کر دی گئی ہے۔ اسی طرح ریزرو زمرہ کے عازمین حج کے ساتھ جانے والے ساتھی کی عمر بھی 18 سال سے 60 سال تک متعین کی گئی ہے۔

وہیں، دیوبند حج کاﺅنٹر کے کنوینر فہیم صدیقی نے کہا کہ حج 2025 کے سفر پر جانے والے تمام خواہش مند افراد کو یہ اطلاع دی جارہی ہے کہ 13 اگست 2024 سے حج 2025 کے لئے آن لائن حج فارم بھرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ دیوبند حج کاﺅنٹر سے بھی آن لائن حج فارم بھرے جانے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ آن لائن حج فارم بھرے جانے کا سلسلہ آئندہ 9 ستمبر تک جاری رہے گا، لہٰذا حج 2025 کے سفر پر جانے کا ارادہ رکھنے والے عازمین دیوبند حج کاﺅنٹر سے اس نمبر 9997357686 پر رابطہ کر کے  تفصیلات معلوم کرسکتے ہیں۔ 
دیوبند حج کاﺅنٹر کے کنوینر فہیم صدیقی نے بتایا کہ اس سال سفر حج پر جانے کے لئے عازم کے پاس مشین کے ذریعہ سے پڑھا جانے والا انٹر نیشنل پاسپورٹ ہونا ضروری ہے، جس کی مدت 15جنوری 2026تک ہونی ضروری ہے۔ اس سال ایک گروپ میں پانچ عازمین اور دو بچے شامل ہوسکتے ہیں،اس کے علاوہ 65سال یا اس سے زائد عمر کے عازمین کے ساتھ ایک مددگار ہونا ضروری ہوگا۔ معاون کی عمر 18سے 60 سال کے درمیان ہونی چاہئے۔


Post a Comment

0 Comments

خاص خبر