نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے ایم ایل اے امانت اللہ خان سے کئی گھنٹے کی چھاپہ ماری کے بعد ای ڈی کی ٹیم نے پیر کو انہیں گرفتار کر لیا۔ اس سے پہلےمسٹر خان نے دعویٰ کیا تھا کہ ای ڈی کے لوگ ان کو گرفتار کرنے ان کے گھر پہنچے تھے۔
قبل ازیں ای ڈی سے وابستہ ذرائع نے تصدیق کی تھی کہ دہلی وقف گھوٹالے میں امانت اللہ خان کے گھر پر تلاشی مہم چلائی گئی ۔ اس تلاشی مہم میں ای ڈی کے چھ سے سات افسران شامل تھے۔ دہلی پولیس کی بھاری ٹیم ان کے گھر کے باہر موجود تھی۔ نیم فوجی دستے کے اہلکار بھی موجود ہیں۔
امانت اللہ خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے یہ جانکاری دی۔ امانت اللہ خان نے کہا تھا کہ ڈکٹیٹر کے حکم پر صبح سویرے ان کی کٹھ پتلی ای ڈی میرے گھر پہنچ گئی ہے، ڈکٹیٹر مجھے اور عام آدمی پارٹی کے رہنماؤں کو ہراساں کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہا ہے۔ کیا ایمانداری سے عوام کی خدمت کرنا جرم ہے؟ یہ آمریت کب تک چلے گی؟
امانت اللہ خان کے گھر پر ای ڈی ٹیم کے پہنچنے کے سلسلے میں عآپ رہنماؤں کا بھی رد عمل سامنے آیا ہے۔ منیش سسودیا نے اس پر کہا کہ ای ڈی کا بس یہی کام رہ گیا ہے، بی جے پی کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو خاموش کردو، جو ٹوٹے نہیں، دبے نہیں اسے گرفتار کرکے جیل میں ڈال دو۔ پارٹی کے سینئر رہنما سنجے سنگھ نے کہا ہے کہ ای ڈی کا ظلم دیکھیے، امانت اللہ خان پہلے ای ڈی کی جانچ میں شامل ہوئے، ان سے آگے کے لیے وقت مانگا۔ ان کی ساس کو کینسر ہے، ان کا آپریشن ہوا ہے، اس درمیان ای ڈی نے صبح سویرے ان کے گھر پر دھاوا بول دیا۔ بتایا گیا ہے کہ امانت اللہ کے خلاف دلی وقف بورڈ میں گھوٹالے کے معاملے میں ای ڈی جانچ کر رہی ہے۔
0 Comments