دیوبند: سمیر چودھری۔
ضلع مظفرنگر کے قصبہ بڈھانہ میں توہین رسالت کا مذموم واقعہ پیش آیاہے، جس سے مشتعل لوگوں نے نعرے بازی کے ساتھ احتجاج کیا،جس پر حرکت میں آئی مقامی پولیس نے فوری طورپراکثریتی فرقہ سے تعلق رکھنے والے ملزم نوجوان کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیاہے، افسران کی بروقت کارروائی اور ملی و سماجی رہنماوں کی سمجھانے پر مسلمانوں نے احتجاج ختم کردیا اور گرفتار ملزم کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی مانگ کی۔ حالانکہ دوسری جانب پولیس نے سڑکوں پر ہنگامہ کرنے کے الزام میں سات سو نامعلوم افراد کے خلاف بھی مقدمہ قائم کرلیا ہے۔
مظفرنگر پولیس کی جانب سے ملی جانکاری کے مطابق قصبہ بڈھانہ کے ایک نوجوان کے ذریعہ سوشل میڈیا پر ایک مذہب کے متعلق قابل اعتراض پوسٹ ڈالی گئی تھی، جس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بڈھانہ پولیس نے اسے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔ پولیس نے ضروری قانونی کارروائی کے بعد ملزم اکھل تیاگی کو جیل بھیج دیاہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق ہفتہ کی دیر شام مظفرنگر کے قصبہ بڈھانہ میں توہین رسالت کا مذموم واقعہ پیش آیا، جہاں ملزم نوجوان کے ذریعہ فیس بک پر قابل اعتراض پوسٹ ڈالی گئی ،جس کی شکایت ملنے پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا لیکن اچانک قصبہ میںافواہ پھیل گئی کہ پولیس نے ملزم کو رہا کردیا، جس سے مسلم سماج میں اشتعال پھیل گیا اورتعداد میںلوگوں نے بڈھانہ میں واقع کاندھلہ۔ بڑوٹ روڈ پر جمع ہوکر ہنگامہ کیا، جہاں پہنچے پولیس افسران اور جمعیة علماءہند کے عہدیدان نے لوگوں کو سمجھابجھاکر پرُسکون کیا اور بتایاکہ پولیس نے ملزم نوجوان کو نہ صرف گرفتار کرلیا ہے بلکہ اس کے خلاف مقدمہ قائم کرکے اسے جیل بھیج دیاہے، جس کے بعد لوگوں نے احتجاج ختم کردیا اور پولیس سے ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کامطالبہ کرتے ہوئے اپنے گھروںکو لوٹ گئے۔ بعد ازیں ملزم نوجوان اکھل تیاگی کے چچا پرویش تیاگی نے بھیڑ پر ان کے گھر و دکان پر پتھراو کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے پولیس کو تحریر دی،جس کی بنیاد پر بڈھانہ پولیس نے مشتعل ہوکرسڑکوں پر نکلنے والے سات سو (700) نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔ بعد ازیں ایس پی دیہات آدتیہ بنسل کی قیادت میں پولیس نے قصبہ میں امن مارچ نکالا اور لوگوںسے امن وامان بنائے رکھنے کی اپیل کی اور کہاکہ کسی بھی شرپسند کو بخشا نہیںجائیگا۔جمعیة علماءہند کے عہدیداران ضلع نائب صدر ومیڈیا انچارج محمد آصف قریشی،تحصیل صدر حافظ شیر دین اور حافظ اللہ مہر سمیت دیگر عہدیدان نے مشتعل لوگوں کوسمجھایا اور افواہوںپر دھیان نہ دینے کی اپیل کرتے ہوئے بتایاکہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیاہے، اسلئے کسی بھی قسم کی افواہ پر دھیان نہ دیں۔
دوسری جانب مفتی ذوالفقار علی سابق ممبر اقلیتی کمیشن اترپردیش، قاری محمد خالد بشیر قاسمی ضلع سکریٹری جمعیة علماء مظفر نگر اورمحبوب عالم ایڈوکیٹ جنرل سکریٹری فلاح انسانیت مظفر نگر بڈھانہ میں پیش آئے واقعہ پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت کی اور کہاکہ بروقت انتظامیہ کی سخت کاروائی کی وجہ سے حالات خراب ہونے سے بچ گئے۔ انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی مذہبی جذبات کو مشتعل کرنے والے بیانات و غیرہ کے خلاف سخت قانون بنایا جائے اور سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرنے والوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے سبھی سے پرُ امن رہنے کی اپیل اور کہاکہ کوئی بھی کسی بھی حال میں قانون اپنے ہاتھ میں نہ لیں۔ افواہوں پر دھان نہ دیں۔ امن قائم رکھنا ہر شخص کی ذمہ داری ہے۔ اتوار کے روز بھی ایس ایس پی مظفرنگر سمیت اعلیٰ افسران نے قصبہ بڈھانہ کا دورہ کیاا ور لوگوں سے امن و امان بنائے رکھنے کی اپیل کی۔
0 Comments