آگرہ: مسجد نہر والی کے خطیب محمد اقبال نے خطبۂ جمعہ کے دوران اللہ تعالیٰ سے انسان کے تعلق اور اس کے قرب کے موضوع پر نہایت اہم اور فکر انگیز خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اکثر ہم کہتے ہیں کہ اللہ کے قریب آؤ، جبکہ قرآنِ مجید ہمیں بتاتا ہے کہ اللہ تعالیٰ تو پہلے ہی اپنے بندوں کے قریب ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ انسان اپنے دل اور اعمال کی اصلاح کرکے اللہ کے اس قرب کو محسوس کرے۔
خطیب محمد اقبال نے سورۂ بقرہ کی آیت نمبر 186 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے کہ جب میرے بندے آپ سے میرے بارے میں سوال کریں تو بے شک میں قریب ہوں اور پکارنے والے کی پکار کا جواب دیتا ہوں۔ اسی طرح سورۂ ق کی آیت نمبر 16 میں اللہ تعالیٰ نے انسان سے اپنی قربت کو اس کی شہ رگ سے بھی زیادہ قریب بتایا ہے۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ دن کے وقت سورج کی روشنی ہر طرف موجود ہوتی ہے، اگر کوئی شخص اپنی آنکھیں بند کرکے اندھیرے کی شکایت کرے تو اس میں قصور سورج کا نہیں بلکہ اس کی بند آنکھوں کا ہے۔ بالکل اسی طرح اللہ تعالیٰ کی رحمت اور اس کا قرب ہمیشہ موجود ہے، لیکن ہمارے دل گناہوں کی وجہ سے اس قرب کو محسوس کرنے سے محروم ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی سوچ بدلنے اور گناہوں کی پٹی اپنی آنکھوں سے ہٹانے کی ضرورت ہے۔ اللہ تعالیٰ کی طرف سے دوری نہیں، بلکہ دوری ہماری جانب سے پیدا ہوتی ہے۔ پہل ہمیں خود کرنی ہے۔ اپنے رب کے حضور جھک کر توبہ و استغفار کرنا ہے۔ یاد رکھیں کہ جو شخص اللہ کے لیے عاجزی و انکساری اختیار کرتا ہے، اللہ تعالیٰ اسے اپنی رحمت سے بلندی عطا فرماتا ہے۔ انہوں نے سورۂ بقرہ کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: تم مجھے یاد کرو، میں تمہیں یاد کروں گا۔ نماز کی اہمیت بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بندہ اپنے رب کے سب سے زیادہ قریب سجدے کی حالت میں ہوتا ہے۔ لہٰذا ہر مسلمان کو یہ عہد کرنا چاہیے کہ وہ زندگی کی آخری سانس تک نماز نہیں چھوڑے گا۔
خطیب محمد اقبال نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کو تلاش کرنے کے لیے کہیں دور جانے کی ضرورت نہیں، بلکہ اپنے دل میں جھانکنے کی ضرورت ہے۔ گناہوں کی وجہ سے دل پر جمی زنگ کو توبہ و استغفار کے ذریعے صاف کیا جائے۔ جب انسان سچے دل سے اپنے رب کی طرف رجوع کرتا ہے تو اسے اللہ تعالیٰ کا قرب اور اس کی رحمت خود محسوس ہونے لگتی ہے۔ خطاب کے اختتام پر انہوں نے دعا کی کہ اللہ تبارک و تعالیٰ ہم سب کو اپنا پسندیدہ اور نیک بندہ بنائے اور ہمیشہ اپنے قرب میں رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔

0 Comments