Latest News

‎آن لائن ٹرانزیکشن سے پیسے کمانا درست، قضا کے ڈر سے ظہر، عصر یا مغرب، عشاء ایک ساتھ ادا کرنے کی گنجائش،کل ہند اسلامک علمی اکیڈمی کی ماہانہ نشست میں علما و مفتیان کا متفقہ فیصلہ

آن لائن ٹرانزیکشن سے پیسے کمانا درست، قضا کے ڈر سے ظہر، عصر یا مغرب، عشاء ایک ساتھ ادا کرنے کی گنجائش،کل ہند اسلامک علمی اکیڈمی کی ماہانہ نشست میں علما و مفتیان کا متفقہ فیصلہ

کانپور:۔ دور جدید میں پیش آنے والے نئے اور پیچیدہ مسائل کا حل کیلئے شہر کانپور کے جید علماء و مفتیان پر مشتمل کل ہند اسلامک علمی اکیڈمی کی ماہانہ نشست عصر تا عشاء اکیڈمی کے آفس جمعیۃ بلڈنگ رجبی روڈ میں اکیڈمی کے صدر مولانا مفتی اقبال احمد قاسمی کی صدارت میں منعقد ہوئی۔
میٹنگ میں موبائل گوگل پے کے ذریعہ رقم ٹرانسفر کا کاروبار کرنے اور اس سے نفع حاصل کرنے کے تعلق سے طے پایا کہ فون پے گوگل پے کے ذریعہ رقم ٹرانسفر کرنے پر اضافی رقم بطوراجرت لینا شرعاًدرست ہے،دراصل یہ منی آرڈرکی جدیدشکل ہے اس میں پیسہ منتقل کرنے والااجیر کی حیثیت سے حق المحنت لیتا ہے اس لئے شرعا اس کی گنجائش ہے،البتہ قانوناًممنوع ہوتو اس کام سے احتیاط کرنا چاہئے۔
دوسرے مسئلے شوہر اگر بیوی سے ظہار یا ایلاء کرکے رجوع نہ کرنا چاہے تو عورت عقد ثانی دوسرے سے کب کرسکتی ہے؟ قاضی کی ضرورت ہوگی یا شوہر سے طلاق لینی ہوگی پھر عدت کب سے شمار ہوگی؟پر علماء نے طے پایا کہ شوہر اگر بیوی سے ظہار کرلیتاہے یعنی اس قسم کے جملے بیوی کو حرام کرنے کیلئے کہتاہے کہ تومیرے لئے ماں کی طرح ہے یاتیری پیٹھ میرے لئے ماں کی پیٹھ کی طرح ہے تو بیوی کی حرمت کو ختم کرنے کیلئے اس کو کفارہ دینا لازم ہے یعنی ساٹھ مسکینوں کو دووقت کھانا کھلانا یا مسلسل ساٹھ روزے رکھنا، لیکن اگربیوی کو حرام رکھنے کا ہی ارادہ ہے تو اسکو طلاق دینا لازم ہے تاکہ طلاق کے بعد عدت گزار کر وہ عقد دوسری جگہ کرسکے۔اگر شوہر طلاق بھی نہ دے نہ ہی رجوع کرے تو عورت شرعی عدالت فسخ نکاح یا رجوع کیلئے شوہر کو مجبور کیا جاسکے۔اسی طرح ایلاء یعنی بیوی سے 4/ماہ یا مطلق طور پر نہ ملنے کی قسم کھانے سے اگر وہ قسم نہ توڑے یعنی 4/ماہ گزر جائیں تو ایک طلاق بائینہ واقع ہوگی اور بعد عدت اس کے لئے دوسری جگہ نکاح جائزہے قسم توڑنے پر بیوی سے نکاح باقی رہے گا البتہ قسم توڑنے کا کفارہ دینا ہوگا۔
تیسرے مسئلہ سفر میں ظہروعصر اور مغرب وعشاء کو جمع حقیقی کے ساتھ پڑھنے کا کیاحکم ہے؟ کیا حنفیہ میں سے کوئی فقیہ اس جمع حقیقی کا قائل ہے؟ نیز اگر حنفیہ میں کوئی قائل نہ ہو تو سفر کی مجبوری کی وجہ سے مذہب غیر پر عمل کی گنجائش ہوگی؟پر جمع بین الصلاتین حقیقی کے سلسلہ میں مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کافتویٰ تفصیلی پڑھاگیا اور حسب ضرورت پر اس پر عمل کی گنجائش محسوس کی گئی۔
میٹنگ کا آغاز مفتی عزیزالرحمن قاسمی نے تلاوت قرآن پا ک سے کیا۔ میٹنگ میں اگلی نشست 10/اکتوبر 2021؁ء مطابق 4/ربیع الاول 1443؁ھ بروز اتوار کو طے پائی گئی۔
میٹنگ میں علمی اکیڈمی کے صدر مفتی اقبال احمد قاسمی، نائب صدر مفتی عبد الرشید قاسمی، جنرل سکریٹری مولانا خلیل احمد مظاہری کیساتھ جمعیۃ علماء کے ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی، مفتی سید محمد عثمان قاسمی، مفتی عزیز الرحمن قاسمی، مفتی محمد دانش قاسمی، مفتی سعود مرشد قاسمی، مفتی اظہار مکرم قاسمی، مولانا محمدانعام اللہ قاسمی،مولانا محمد انیس خاں قاسمی،مولانا حفظ الرحمن قاسمی، مفتی واصف قاسمی، مفتی محمد دانش قاسمی کے علاوہ دیگر لوگ موجود تھے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر