Latest News

دیوبند علاقہ میں دلت شخص نے کیا مذہب تبدیل, گاوں میں منعقد پنچایت کا ویڈیو وائرل ہونے سے معاملہ کا ہوا انکشاف۔

دیوبند علاقہ میں دلت شخص نے کیا مذہب تبدیل, گاوں میں منعقد پنچایت کا ویڈیو وائرل ہونے سے معاملہ کا ہوا انکشاف۔


دیوبند: (سمیر چودھری) دیوبند علاقہ کے گاوں بھینڑہ خاص میں ایک دلت شخص کے ذریعہ مذہب تبدیل کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے اور اس معاملہ کو لیکر گاوں میں ہوئی پنچایت کاویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، تاہم اس معاملے میں کسی کی طرف سے کسی قسم کی کوئی قانونی کارروائی ابھی تک نہیں کی گئی ہے۔ مذہب تبدیل کرنے والا شخص فی الحال گاوں سے فرار ہے۔

اس وقت پوری ریاست میں مذہبی تبدیلی کا معاملہ گرم ہے اور حال میں یوپی اے ٹی ایس کے ذریعہ مولانا کلیم صدیقی اور ان کے ساتھیوں کی گرفتاری کے بعد سے معاملہ بحث کا موضوع بناہواہے۔ اس درمیان دیوبند علاقے کے گاوں بھینڑہ خاص سے ایک مذہب تبدیلی کامعاملہ سامنے آیاہے، جہاں ویر سنگھ نامی دلت شخص کے مذہب تبدیل کرنے کی بات چل رہی ہے اور اس معاملے کے حوالے سے گاوں میں منعقدہ پنچایت کا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، ویڈیو میں کچھ لوگوں کے درمیان تنا تنی بھی دکھائی دے رہی ہے۔

واضح ہوکہ دو دن پہلے گاوں بھنیڑہ خاص میں دلت طبقہ اور گاوں کے درمیان پنچایت ہوئی، گاوں کے پردھان ڈاکٹر راو شارق کاکہناہے کہ پنچایت کے انعقاد کا مقصد ویر سنگھ سے یہ جاننا تھا کہ مذہب کی تبدیلی کسی نے زبردستی تو نہیں کرائی۔ پردھان نے بتایا کہ جس شخص نے مذہب تبدیل کیاہے اس نے بتایاکہ اس نے کسی دباو یا زبردستی سے مذہب تبدیل نہیں کیاہے بلکہ اپنی مرضی سے اس نے یہ قدم اٹھایا ہے، ڈاکٹر راو شارق نے بتایا کہ یہ معاملہ ڈھائی تین سال پرانا ہے اور اگر انتظامیہ ویر سنگھ کے خلاف کوئی کارروائی کرتی ہے تو وہ انتظامیہ کے ساتھ ہے کیونکہ وہ ہر قیمت پر گاو ں میں امن و امان قائم رکھنا چاہتے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ پولیس انتظامیہ اس معاملے پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور کئی بار پولیس اس معاملے میں گاوں بھی گئی ہے۔ تاہم اب تک پولیس کی جانب سے کسی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور گاوں میں بھی مکمل طور پر امن امان قائم ہے۔ اس معاملے میں پولیس کا کہنا ہے کہ گاوں بھینڑہ میں مذہب کی تبدیلی کی شکایت موصول ہوئی ہے جس کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر