Latest News

متوفی ذیشان کو انصاف دلانے کے لیے کسان یونین آئی میدان میں، سی بی آئی جانچ کی مانگ، متوفی کی اہلیہ نے پولیس پر عائد کیے سنگین الزامات۔

متوفی ذیشان کو انصاف دلانے کے لیے کسان یونین آئی میدان میں، سی بی آئی جانچ کی مانگ، متوفی کی اہلیہ نے پولیس پر عائد کیے سنگین الزامات۔
دیوبند: گذشتہ پانچ ستمبر کو دیوبند کے قریبی گاوں تھیتکی میں مشتبہ حالات میں گولی لگنے سے ہلاک ہوئے ذیشان نامی شخص کو انصاف دلانے کے لیے بھارتیہ کسان یونین تومر گروپ میدان میں آگیا ہے۔ آج مرنے والے ذیشان کی رہائش گاہ پر ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں بھارتیہ کسان یونین کے کارکنان کے علاوہ بڑی تعداد میں گاو ں باشندوں نے شرکت کی۔ میٹنگ میں ذیشان کے قتل کی سچائی کے سامنے لانے اور مقتول کے اہل خانہ کو انصاف دلانے مطالبہ کیا گیا۔
 میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے بھارتیہ کسان یونین تومر گروپ کے ضلع جنرل سکریٹری حاجی عباس نے کہا کہ کسی سازش کے تحت ذیشان کا قتل کیا گیا ہے اور اس معاملہ میں پولیس کے ذریعہ بتائی گئی کہانی صحیح نہیں لگتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذیشان کے قتل کی سی بی آئی جانچ ہونی چاہئی اور ہر حال میں مقتول کے اہل خانہ کو انصاف ملنا چاہئے۔ حاجی عباس نے کہا کہ جب تک ذیشان کو انصاف نہیں ملے گا اس وقت تک ان کی تنظیم لڑائی جاری رکھے گی اور اگر جلد ہی پولیس انتظامیہ کی جانب سے سچائی سامنے نہیں لائی گئی تو بڑے پیمانہ پر تحریک چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ کو لیکر بھارتیہ کسان یونین کے عہدے داران اعلی افسران سے بھی ملاقات کریں گے اور متاثرہ خاندان کو انصاف دلانے کی بھر پور کوشش کی جائے گی ۔
یونین کے گاوں صدر محمد اطہر نے کہا کہ مقتول ذیشان کے پاس اپنے دو لائسنس ہتھیار ہیں اس کے باوجود غیر قانونی اسلحہ لیکر رات کے وقت جنگل میں کیوں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقتول ذیشان پر کسی بھی طرح کا کوئی مقدمہ تھانہ میں درج نہیں تھا اور نہ ہی ان کا گو کشی سے کوئی تعلق تھا ایسا لگتا ہے کہ پولیس اصل مجرمان کے ساتھ ملی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ کی اعلی سطحی جانچ کرائی جائے اور اس واردات میں ملوث قصور واروں کو سزا دلائے جائے ۔واضح ہو کہ گذشہ 9ستمبر کو متوفی ذیشان کی بیوی افروزفاطمہ نے بھی پولیس پر اس کے شوہر کے قتل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ایس ایس پی سہارنپور کو مکتوب ارسال کیا تھا افروز فاطمہ نے پولیس اہل کاروں پر اس کے شوہر ذیشان کو گھر سے بلا کر قتل کرنے کا الز ام عائد کیا تھا۔اس موقع پر سونو تیجیان کلیم گوڑ، احسان گوڑ،محمد فرحان،اعظم،رمیز،محمد وقار،ہادی پٹواری،نواب سمیت بڑی تعداد میں گاو ں کے باشندے موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر