Latest News

سیریز شروع ہونے سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کا دورہ منسوخ کرکے بتانا اپنے وطن روانہ۔

سیریز شروع ہونے سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کا دورہ منسوخ کرکے اپنے وطن روانہ۔
 اسلام آباد:  پاکستان میں ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کھیلنے پہنچی نیوز ی لینڈ ٹیم سیریز کو منسوخ کرکے اپنے وطن روانہ ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم نے سیکیورٹی کی وجوہات کی بنا پر اپنا پاکستان کا دورہ منسوخ کیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد سے دبئی روانہ ہو گئی ہے جہاں سے وہ اپنے وطن پہنچے گی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان میں ایک ہفتے قیام کے دوران پریکٹس سیشنز میں شرکت کی تاہم راولپنڈی کے سٹیڈیم میں طے شدہ پہلا ون ڈے میچ شروع ہونے سے قبل ہی واپس چلی گئی۔ حکام کے مطابق دورہ منسوخ کرنے کے بعد کیوی ٹیم کے لیے ہنگامی بنیادوں پر سفر کے انتطامات کیے گئے۔ اسلام آباد کے فائیو سٹار ہوٹل سے لے کر ایئرپورٹ تک سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ’نیوزی لینڈ کی جانب سے سکیورٹی گراؤنڈ کو دورہ پاکستان کا جواز بنانا بے بنیاد ہے۔ امریکی قیادت میں نیٹو فورسز، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور کابل میں سفارتخانوں کے عملے نے انخلا کے لیے پاکستان کو ترجیح دی، اسلام آباد نے انہیں ہوٹلوں میں ٹھہرایا۔ کھیل کو پاکستان مخالف عالمی پروپیگنڈے کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔‘
 جمعہ کو تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ سے قبل نیوزی لینڈ نے سیریز منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پی سی بی کو آگاہ کر دیا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ون ڈے میچ 17، 19 اور 21 ستمبر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شیڈول تھے۔ ان میچوں کے لیے 25 فیصد شائقین کرکٹ کو بھی سٹیڈیم میں آنے کی اجازت دی گئی تھی۔ ون ڈے سیریز کے بعد پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی20 میچز 25، 26، 29 ستمبر، یکم اور 3 اکتوبر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونا تھے۔ خیال رہے کہ کیوی ٹیم نے آخری مرتبہ 2003 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں پاکستان نے 5 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کیا تھا۔
اُردو نیوز کے انپُٹس کے ساتھ۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر