Latest News

مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمیؒ کے فرزند ابوبکر صدیق کا حفظ قرآن مکمل، دعائیہ تقریب میں علماء نے دستار باندھ کر دعاؤں سے نوازا۔

مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمیؒ کے فرزند ابوبکر صدیق کا حفظ قرآن مکمل، دعائیہ تقریب میں علماء نے دستار باندھ کر دعاؤں سے نوازا۔


کانپور۔ جمعیۃ علماء اترپردیش کے سابق صدر مولانا محمد متین الحق اسامہ صاحب قاسمی رحمۃ اللہ علیہ سابق قاضی شہر کانپور کے سب سے چھوٹے فرزند ابوبکر صدیق سلمہ کے تکمیل حفظ قرآن کی خوشی میں مولانا رحمۃ اللہ علیہ کے جانشین مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کی جانب سے ایک دعائیہ تقریب جامع مسجد اشرف آباد جاجمؤ میں منعقد کی گئی جس میں خلیفہ محی السنہ حضرت مولانا شاہ افضال الرحمن صاحب شیخ الحدیث مدرسہ اشرف المدارس ہردوئی اور مفسر قرآن حضرت مولانا سید محمد طلحہ صاحب قاسمی نقشبندی بھیونڈی نے شرکت کی، حافظ ابوبکر کے سر پر دستار باندھی اور دعاؤں سے نوازا۔ اس مبارک موقع پر شرکاء کو خطاب کرتے ہوئے مولانا افضال الرحمن صاحب نے کہا کہہم اللہ، نبی اور قرآنی تعلیمات کو ماننے والے ہیں، ہماری زندگی قرآن کے رنگ میں ایسی رنگ جانی چاہئے کہ اگر کوئی ہمیں دیکھ لے تو اس کو محسوس ہونا چاہئے کہ یہ قرآن کوماننے والا ہے۔ مولانا نے کہا کہ یہ ہم سب کیلئے بھی سعادت کی بات ہے کہ ہمیں ایسی تقریب میں حاضری کی توفیق عطا فرمائی جو حفظ قرآن کے تعلق سے منعقد ہوئی ہے۔
مفسر قرآن مولانا سید محمد طلحہ قاسمی نقشبندی نے بتایاکہ اللہ کے آخری رسول حضرت محمدﷺ کا فرمان ہے کہ میر ا جی چاہتا ہے کہ میرے ہر امتی کے دل میں قرآن پاک موجود ہو، پورا نہ ہو تو کچھ نہ کچھ حصہ ضرور ہو، اور قرآن پاک کا اتنا حصہ یاد کرنا تو سبھی کیلئے فرض ہے جسے وہ کم از کم نماز میں تلاوت کر سکے۔مولانا نے کہا کہ قرآن پاک کے تھوڑے سے حصہ یعنی ایک،آدھے پارے یا چند سورتوں کو بھی یاد کرنے والوں کو اگر ہم جزوی حفاظ تسلیم کر لیں تو پوری دنیا میں کوئی کتاب ایسی نہیں ہے جسے یاد کرنے والے اتنی بڑی تعداد میں موجود ہوں۔ مولانا نے کہاکہ اللہ کے یہاں قرآن کی حفاظت کا نظام طے ہے اور وہ مقبول بندوں کے دلوں اور سینوں سے اپنی پاک کتاب کی حفاظت کاکام لے رہا ہے۔ ایسے مقبول بندوں کا انتخاب بھی اللہ کرتے ہیں، خوش نصیب لوگ ہیں وہ جن سے اللہ نے قرآن کی حفاظت کا کام لیا، ہماری دعا ہونی چاہئے کہ اللہ ہمیں بھی اپنے مقبول بندوں میں شامل فرمائیں۔ اس موقع پر مولانا طلحہ قاسمی نے کہا کہ قرآن وہ کتاب ہے جسے بغیر سمجھے پڑھنے پر بھی ایک ایک لفظ پراجرو ثواب ملتا ہے، لیکن چونکہ قرآن کتاب ہدایت ہے، ہدایت کا تعلق عمل سے ہے اور عمل کا تعلق فہم سے ہے،کیونکہ جب بات سمجھی جائے گی تبھی عمل ہو سکے گا، اس لئے قرآن کی تلاوت کے ساتھ ساتھ اگر اللہ توفیق دیں تو معتبر مفسر اورعلمائے کرام کی رہنمائی میں قرآن کا کچھ حصہ سمجھ کر بھی پڑھنا چاہئے۔ قرآن وحدیث کی روشنی میں کئی واقعات کا تذکرہ کرتے ہوئے مولانا نے حفظ قرآن کی سعادت حاصل کرنے والے حافظ ابوبکر صدیق کے والد گرامی حضرت مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمیؒ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی طرف سے فرشتے حضرت مولاناؒ کی روح کو یہ پیغام سنا رہے ہوں گے کہ آج تمہارے بیٹے نے زمین کے اوپر اللہ کی پاک کتاب کو مکمل طور پر یاد کرنے کی سعادت حاصل کر لی ہے، اور ان کے درجات بلند سے بلندترین ہو رہے ہوں گے۔
  اس سے قبل تقریب کا آغاز قاری مجیب اللہ عرفانی اور قاری صلاح الدین کفلیتوی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ مولوی محمد مسعود محمودی نے نعت و منقبت کا نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ نظامت کے فرائض جمعیۃ علماء شہر کانپور کے سکریٹری مولانا انصار احمد جامعی نے انجام دئے۔ تقریب میں کثیر تعداد میں علماء کرام، ائمہ مساجد، دانشوران و معززین شہر کے ساتھ مقامی عوام و مصلیان جامع مسجد نے شرکت کی۔ مولانا اسامہ ؒ کے چھوٹے بھائی محمد مطیع الحق ثمامہ اورجامع مسجد اشرف آباد کے امام وخطیب و حافظ ابوبکر صدیق کے برادر کبیر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے تقریب میں تشریف لائے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

 سمیر چودھری

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر