Latest News

حقیقی عاشق رسولؐ کی زندگی نبیؐ کے اسوہ سے خالی نہیں ہوتی: جمعیۃ علماء فتح پور کے زیر اہتمام منعقد رحمت عالم کانفرنس میں مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی۔

حقیقی عاشق رسولؐ کی زندگی نبیؐ کے اسوہ سے خالی نہیں ہوتی: جمعیۃ علماء فتح پور کے زیر اہتمام منعقد رحمت عالم کانفرنس میں مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی۔

فتح پور:۔جمعیۃ علماء فتح پور کے زیر اہتمام منائے جا رہے رحمت عالم عشرہ کے تحت اہل محلہ مسوانی کے زیر اہتمام پرانی مسجد کے قریب واقع میدان میں عظیم الشان رحمت عالم کانفرنس قاضی شہر و امام عیدگاہ مولانا عبد اللہ شہید الاسلام کی صدارت و جامع مسجد فتح پور کے امام وخطیب ڈاکٹر حبیب الاسلام کی سرپرستی میں منعقد ہوئی۔ جلسہ میں مہمان خصوصی کے طور پر تشریف لائے جمعیۃ علماء اتر پردیش کے نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے کانفر نس میں موجود جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رات د دن اللہ کی نعمتیں بارش کی طرح ہمارے اوپر برس رہی ہیں،اگر ہم اللہ کی ان نعمتوں کو شمار کرنا چاہیں تو شمار نہیں کر سکتے، ان تمام نعمتوں کے باوجود کسی نعمت پر اللہ رب العزت نے احسان نہیں جتایا اورشریعت میں بھی احسان جتانے کو منع کیا گیا ہے، لیکن ماہ ربیع الاول میں سرور کونین تاجدار دوعالم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی شکل میں اللہ نے جو عظیم نعمت اور رحمت اپنے بندوں پرنازل کی ہے یہ اتنی بڑی نعمت ہے کہ اس پر کائنات کے مالک نے قرآن میں اس نعمت پر احسان جتایا ہے۔ یہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ اللہ نے ہمیں اپنے محبوب نبیؐ کا امتی بنایا، وہ نبیؐ جس کا امتی بننے کیلئے کم و بیش سوا لا کھ انبیاء کرام نے دعائیں کی ہیں۔ لیکن یہ خصوصی انعام اللہ نے ہمیں دیا ہے کہ ہمیں اپنے محبوب آخری پیغمبر حضرت محمد ﷺ کا امتی بنایا ہے۔ مولانا نے کہا وہ نبیؐ جن کے صدقے میں یہ دنیا بنی، جن کا امتی بننے کیلئے تمام نبیوں نے دعائیں کی ہوں، اس عظیم المرتبت نبیؐ کی امت میں اللہ نے ہمیں بھیج کر جو انعام و اکرام اور جتنی بڑی نعمت سے ہمیں نوازا ہے، ہماری بھی ذمہ داری ہے کہ ہم اس نعمت کی قدر کریں۔ مولانا عبداللہ نے حقیقی عشق رسول اور محبت کے نمونے کے مختلف واقعات سے لوگوں کو واقف کراکر رحمت عالم کانفرنس منعقد کرنے کے مقصد سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ نبیؐ کریم ﷺ اور آپؐ کے جانثار صحابہ کرام، تابعین،تبع تابعین، اولیاء اللہ اور بزرگوں نے یہ دین ہم تک پہنچانے کیلئے جو قربانیاں دی ہیں اور عشق رسولؐ کی جو مثالیں ہمارے آپ کیلئے چھوڑی ہیں جب تک وہ اسوہ اور نمونہ ہماری زندگی میں نہیں آئے گا، ہمار کوئی بھی عمل اللہ کے نزدیک قابل قبول نہیں ہوگا۔ مولانا نے کہا کہ ہم صبح و شام عاشق رسول ؐ ہونے کا دعویٰ کریں لیکن اگر ہماری زندگی میں نبیؐ کا اسوہ اور نمونہ نہیں ہے تو ہم حقیقی عاشق رسولؐ نہیں ہو سکتے۔
اس سے قبل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معروف خطیب مولانا کفیل اشرف ازہری نے کہا کہ نبیؐ کے صدقے میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں اور آپ کو ایمان کی دولت سے سرفراز فرمایا ہے، ہم اپنے نبیؐ کی سیرت اور بتائی ہوئی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنے پڑوسیوں کا خیال رکھیں، بیوی کے مہر کی فکر کریں، بچوں کی تربیت کا خاص خیال رکھیں، محبت اور انسانیت کے پیغام کو عام کریں۔ مولانا نے دوران خطاب عظمت صحابہؐ، اصلاح معاشرہ، اولیاء اللہ، بزرگان دین، علمائے کرام، ازواج مطہرات، ماہ ربیع الاول کی فضیلت پر بھی روشنی ڈالی۔
کانفرنس کا آغاز قاری محمد ثوباب الحسنی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ قنوج سے تشریف لائے مولانا مفتی طارق جمیل و حافظ محمد فیصل نے نعت منقبت کا نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ جمعیۃ علماء فتح پور کے سکریٹری مولانا محمد اسحاق قاسمی نے بحسن و خوبی نظامت کے فرائض انجام دئے۔ کانفرنس میں جمعیۃ علماء فتح پور کے جنرل سکریٹری حافظ محمد شہباز محمودی، ڈاکٹر رفیق انصاری، مولانا محمد غفران ندوی، مولانا عبد اللہ قاسمی، مولانا ابوعبیدہ شجاع ندوی کے علاوہ کثیر تعداد میں مقامی عوام و خواص موجود رہے۔

سمیر چودھری

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر