Latest News

حکومتی پشت پناہی میں قتل و غنڈہ گردی شرمناک، لکھیم پور کھیری میں مقتول کسانوں کے اہل خانہ سے جمعیۃ علماء کا اظہار یکجہتی۔

حکومتی پشت پناہی میں قتل و غنڈہ گردی شرمناک: مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی
لکھیم پور کھیری میں مقتول کسانوں کے اہل خانہ سے جمعیۃ علماء کا اظہار یکجہتی
انصاف کے حصول کیلئے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کی یقین دہانی، غیر جانبداری کے ساتھ قاتلوں کو سزا دینے کا مطالبہ۔

کانپور۔ لکھیم پور کھیری میں کسانوں پر ہوئے پرتشدد مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جمعیۃ علماء اتر پردیش کے نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے نے مقتول کسانوں کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ مولانا نے اس ظالمانہ واقعہ پر سخت غم و غصہ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک میں اپنے حق کیلئے آواز اٹھانے والوں کوپولیس فورس کی موجودگی میں حکومت سے وابستہ لوگوں نے جس طرح گاڑیوں سے کچل کر قتل کیا، یہ کسی بھی مہذب سماج کی پیشانی پر بدنما داغ اور حکومتی نظام کی بے حسی اور ڈھٹائی کا آئینہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ واقعہ سے پوری دنیا میں ہمارے ملک ہندوستان، صوبہ اتر پردیش کے ساتھ ساتھ ضلع لکھیم پور کھیری کی حد درجہ بدنامی اور شبیہ متاثر ہوئی ہے۔ اس موقع پر مولانا عبد اللہ نے لکھیم پور معاملے میں مقامی ضلع انتظامیہ کی کوتاہیوں پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ مقتولین اور متاثرین کو معاوضہ سے آگے بڑھ کر سنجیدگی کے ساتھ اس پہلو پر غور کیا جانا ضروری ہے کہ آخر اس طرح کا واقعہ کیوں رونماہوا؟ جب سابقہ کئی روز سے ایک مرکزی وزیر کے اشتعال انگیز تقریر کا ویڈیو وائرل ہو رہا تھا اور لوگوں میں ناراضگی اور غصہ بڑھ رہا تھا، جس کی معلومات بھی ایل آئی یو سمیت دیگر ایجنسیوں کو تھی لیکن اس کے باوجود پورا عملہ ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بڑا واقعہ رونما ہونے کا انتظار کرتا رہا، آخر وقت رہتے نائب وزیر اعلی اور مرکزی وزیر کے دورے کورد یا ملتوی کیوں نہیں کیا گیا؟
ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے جمعیۃ علماء کے قومی صدر مولانا سید محمود اسعد مدنی کے حوالے سے کہا کہ جمعیۃ علماء ایسے دکھ کے وقت میں مرنے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتی ہے اور انصاف دلانے کی جنگ میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انھوں نے اترپردیش سرکار سے مطالبہ کیا کہ وہ راج دھرم پر عمل پیرا ہو اور بھید بھاؤ کے بغیر ان لوگوں کو سزا دلائے جو ایسے گھناؤنا اور انسانیت سوز عمل میں ملوث ہیں۔

سمیر چودھری

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر