Latest News

تریپورہ میں مسلمانوں اور مساجد پر ہورہے حملے شرمناک، شرپسند عناصر کے آگے حکومت بنی خاموش تماشائی: حاجی فضل الرحمان۔

تریپورہ میں مسلمانوں اور مساجد پر ہورہے حملے شرمناک، شرپسند عناصر کے آگے حکومت بنی خاموش تماشائی: حاجی فضل الرحمان۔

سہارنپور: (سمیر چودھری) سہارنپورکے ممبرپارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن نے تریپورہ میں شرپسند عناصر کے ذریعہ مسلمانوں اور مساجد پر ہورہے لگاتار حملوں کو شرمناک بتاتے ہوئے مرکزی حکومت سے مداخلت کرنے اور اس پر فوراً قدغن لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ممبر پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن نے پریس کو جاری اپنے بیان میں کہا کہ تریپورہ ریاست میں گزشتہ ایک ہفتہ سے فسادیوں کی جانب سے لگائے گئے آگ میں جل رہا ہے ، اقلیتی طبقے پر ان کے مذہبی مقامات پر حملے کئے جارہے ہیں ، فسادیوں کی غنڈہ گردی کو کوئی روکنے والا نہیں ہے ، وہاں کی موجودہ حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔

حاجی فضل الرحمن نے کہا کہ اس پورے معاملے میں تریپورہ حکومت فسادیوں پر قابو پانے اور اقلیتی طبقے کی حفاظت کرنے میں پوری طرح ناکام ہے اور مرکزی حکومت نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے ۔ حاجی فضل الرحمن نے مرکزی حکومت کی خاموشی کو افسوسناک بتاتے ہوئے کہا کہ مرکز کو ریاست کے حالات پر گورنر سے رپورٹ لے کر مداخلت کرکے امن وامان قائم کرنے کے لئے سخت قدم اٹھانے چاہئیں۔ ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ کسی دوسرے ملک میں وہاں کے اقلیتوں پر ہوئے ظلموں کی ہم سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اورحکومت ہند کواس معاملے کو اقوام متحدہ کے سامنے رکھنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے ملک میں ہوئی واردات کے بعد اپنے ملک میں رہنے والے لوگوں کے مذہبی مقامات پر حملے کہاں تک انصاف کی بات ہے ، یہ نفرت کی سیاست کی وجہ سے ہورہاہے۔ ممبر پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن نے کہا کہ تریپورہ کے حالات کو دیکھتے ہوئے اس کو فوج کے حوالے کرکے فسادیوں پر سخت سے سخت کارروائی کی جانی چاہئے ۔ اگر ان پر کارروائی نہیں کی ئی تو حالات مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے اور اس کا اثر دوسری ریاستوں پر بھی پڑسکتا ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر