Latest News

جمعیۃ علماء اتر پردیش کی ووٹر بیداری مہم کے تحت 14اضلاع کے نمائندگان کا مشاورتی اجلاس منعقد۔ مولانا حکیم الدین قاسمی نے ووٹرآئی ڈی کارڈ بنوانے پر دیا زور۔

جمعیۃ علماء اتر پردیش کی ووٹر بیداری مہم کے تحت 14اضلاع کے نمائندگان کا مشاورتی اجلاس منعقد۔ مولانا حکیم الدین قاسمی نے ووٹرآئی ڈی کارڈ بنوانے پر دیا زور۔


کانپور:۔ جمعیۃ علماء ہند کی ہدایت پر جمعیۃ علماء اتر پردیش کی جانب سے پورے صوبہ میں چلائی جا رہی ووٹر بیداری مہم کے تحت ہر ہر ضلع میں ٹیمیں تشکیل دے کر بڑے پیمانے پر کام شروع کیا جا چکا ہے۔ اس سلسلے میں جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی کی قیادت میں ایک وفد پورے صوبہ کے دورے پر ہے۔ اسی دورے کے تحت جمعیۃ علماء شہر کانپور کے ذمہ داران کے علاوہ جمعیۃ علماء اتر پردیش کے14اضلاع کانپور شہر، کانپوردیہات، اناؤ، ہردوئی،قنوج،فرخ آباد،اٹاوہ،فتح پور،باندہ، چترکوٹ، ہمیرپور، کوشامبی، الہ آباداور پرتاپ گڑھ کے صدور اور نظماء کا ایک اہم مشاورتی اجلاس جامعہ محمودیہ اشرف العلوم جامع مسجد اشرف آباد کی لائبریری میں جمعیۃ علماء کے ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کی نگرانی میں منعقد ہوا،جس میں بطور مہمان خصوصی مولانا حکیم الدین قاسمی ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند شریک ہوئے۔

اس موقع پر مولانا حکیم الدین قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ ڈالنا ہندوستان کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے ہم لوگ پورے ملک میں مہم چلا رہے ہیں اور لوگوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ بلا تفریق مذہب اپنے اس حق کا ضرور استعمال کریں۔ مولانا نے کہا کہ آزادی کے بعد بہت ساری حکمتوں اور مصلحتوں کے تحت جمعیۃ علماء ہند نے براہ راست سیاست سے کنارہ کشی اختیار کی تھی، لیکن ملک اور باشندگان ملک کو جب جب جس جس لائن سے ضرورت پڑی جمعیۃ علماء ہند کے اکابرین نے اپنی شرعی ذمہ داری سمجھ کر اپنے آپ کو سب سے آگے رکھا۔ ملک اور باشندگان ملک کی سب سے بنیادی ضرورت اچھے اور منصف حکمراں کا ہونا ہے، جمعیۃ علماء کسی سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کرتی، البتہ عوام الناس سے یہ اپیل کرتی ہے کہ آپ جسے ملک کے حق میں مفید سمجھیں اسے منتخب کریں لیکن ووٹ ضرور ڈالیں اور اسی مہم کے تحت ہم لوگ پورے ملک کا دورہ کر رہے ہیں۔ مولانا نے بہت زور دے کر اس جانب توجہ دلائی کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جلد ہی ووٹر لسٹ میں نئے ناموں کے اندراج اور غلط ناموں کی تصحیح کا کا م شروع کیا جا رہا ہے، جمعیۃ علماء کے تمام ضلعی و مقامی ذمہ داران اپنے اپنے علاقہ میں لوگوں کو اس جانب متوجہ کریں کہ اب تک جن کاووٹر لسٹ میں اندراج نہیں ہے وہ اپنے ناموں کا اندراج کرائیں اور جن کے ناموں میں تصحیح ہونی ہے وہ موقع کو غنیمت جان کر اس سے فائدہ اٹھائیں۔ مولانا نے بتلایا کہ جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید محمود مدنی صاحب کی ہدایت پرہر ضلع میں مختلف مسالک و مکاتب فکر کے ذمہ داران و نمائندگان کے اشتراک کے ساتھ اس کام کو انجام دیا جا رہا ہے۔

جمعیۃ علماء وسطی اتر پردیش کے جنرل سکریٹری مفتی ظفر احمد قاسمی نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے تئیں باشندگان ملک کی دلچسپی برقرار رکھنے کیلئے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں ایک ذمہ دار شہری کا رول ادا کرنے کیلئے جمعیۃ علماء ہند کی یہ کوشش ہے کہ عوامی سطح پر ووٹ کی اہمیت اور اس کے صحیح استعمال کی قیمت سے ملک کے ہر ہر شہری کو واقف کرایا جائے۔ مولانا نے جمعیۃ علماء وسطی اتر پردیش کے تمام صدور و نظماء اور دیگر ذمہ داران و کارکنان سے اپیل کی کہ وہ اگلے دو مہینے اپنی تمام مصروفیات کو مقدم و مؤخر کرکے اس کام کیلئے اپنے آپ کو وقف کر دیں۔

مشاورتی اجلاس کے میزبان، جمعیۃ علماء کے ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے تمام شرکاء خصوصاً جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی و دیگر ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایماندار اور انصاف پسند لوگوں کو منصب اقتدار تک پہنچانا یہ انسانیت کی بنیادی ضرورت ہے اور اس ضرورت کی تکمیل کیلئے اپنی محنت اور اپنا وقت لگانا ہم مسلمانوں کی شرعی ذمہ داری ہے۔ مولانا نے تمام شرکاء سے اپیل کی کہ وہ عبادت سمجھ کر اس کام کو انجام دیں اور یہ یقین رکھیں کہ انسانیت کی خدمت کیلئے ہماری یہ کوشش ہمارے لئے باعث اجر ہوگی۔
ووٹر بیداری مہم کے انتہائی فعال اور متحرک ذمہ دارمولانا جہازی نے کہا کہ جمعیۃ علماء کی فکرہے کہ ملک کا شہری ہونے کے ناطے ہمیں جو بنیادی حقوق دئے گئے ہیں انہیں حاصل کیا جائے تاکہ ہم جس ملک میں رہتے ہیں وہاں باعزت شہری بن کر زندگی گزار سکیں اور سبھی کو اپنے ساتھ لے کر چلنے والے بن سکیں۔

اس سے قبل اجلاس کا آغاز قاری مجیب اللہ عرفانی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ مولوی محمد مسعود نے نعت پاک کا نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ اجلاس میں جمعیۃ علماء پرتاپ گڑھ کے صدر مفتی جمیل الرحمن قاسمی، جمعیۃ علماء ہردوئی کے صدر مولانا عبد الجبار قاسمی، جمعیۃ علماء قنوج کے صدر مولانا محمد کلیم جامعی، جمعیۃ علماء شہر کانپور کے صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں، جمعیۃ علماء باندہ کے صدر مفتی محمد سلمان قاسمی، جمعیۃ علماء ہمیرپور کے صدر مولانا شکیل الدین ندوی، جمعیۃ علماء الہ آباد کے جنرل سکریٹری مفتی اخلد امین قاسمی، جمعیۃ علماء فتح پور کے جنرل سکریٹری حافظ محمد شہباز محمودی، جمعیۃ علماء کانپور دیہات کے جنرل سکریٹری مولانا محمد اسماعیل قاسمی، جمعیۃ علماء اٹاوہ کے جنرل سکریٹری مولانا محمد انس نور قاسمی، جمعیۃ علماء اناؤ کے جنرل سکریٹری مولانا محمد سفیان جامعی، جمعیۃ علماء چترکوٹ کے جنرل سکریٹری مولانا محمد عرفان خان، محکمہ شرعیہ و دار القضاء کانپور کے قاضی شریعت مولانا محمد انعام اللہ قاسمی، جمعیۃ علماء کانپور کے نائب صدر مولانا نور الدین احمد قاسمی، خازن مولانا انیس الرحمن قاسمی، محاسب مولانا آفتاب عالم قاسمی، سکریٹریان قاری عبد المعید چودھری، مولانا انصار احمد جامعی، مفتی اظہار مکرم قاسمی، شارق نواب سمیت تقریباً14اضلاع کے صدور، نظماء اور تکنیکی مہارت رکھنے والے نوجوان شریک ہوئے۔

سمیر چودھری

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر